جمعہ الوداع یوم القدس ظالم طاقتوں کے خلاف مظلوموں کا دن ہے، سامراجی طاقتوں کا مقابلہ متحد ہوکر کرنا ہوگا

جمعہ الوداع یوم القدس ظالم طاقتوں کیخلاف مظلوموں کا دن ہے، سامراجی طاقتوں کا مقابلہ متحد ہو کر کرنا ہو گا، اقوام متحدہ ایک زنگ آلود ادارہ ہے، مسلم ممالک کی بادشاہتیں غاصب اسرائیل کے جرائم کی پردہ پوشی کررہی ہیں، فلسطین ہمارا کاز ہے چشم پوشی نہیں کی جاسکتی۔ افغانستان، کشمیر، عراق، شام سمیت مسلم امہ کے اہم ترین مسائل ہیں مسلم ممالک کو متحد ہو کر ان کا مقابلہ کرنا ہو گا۔

بین الاقوامی یکجہتی کانفرنس بعنوان،”فلسطین مسلم امہ کے اتحاد کا مظہر” سے مسلم لیگ ن کے رہنماء سینٹر ظفر علی شاہ، پاکستان پیپلزپارٹی رکن قومی اسمبلی عمران لغاری، مجلس وحد ت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق، پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء اسد عمر، سابق رکن قومی اسمبلی جے سالک، ڈاکٹر قندیل عباس، میجر جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب اور فلسطین فاونڈیشن کے مرکزی ترجمان صابر کربلائی کا خطاب۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی عمران لغاری کا کہنا تھا کہ فلسطینی کاز پاکستان کا کاز ہے اور پاکستان پیپلزپارٹی اس کی حمایت کرتی رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک عوام ذوالفقار علی بھٹو فلسطینوں کی حمایت کرنے کے جرم میں شہیدکیا گیا۔ امت مسلمہ کو چاہیے کہ وہ متحد ہو اور فلسطینوں کا ان کی آزادی دلوائیں۔ مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ہم دنیا کے تمام مظلوموں کے ساتھ ہیں اور ہر ظالم کے مخالف ہیں۔

افغانستان، عراق، مصر،کشمیر ،شام اور فلسطین مسلم امہ کے مسائل ہیں۔ آج لاکھوں فلسطینیوں کو ان کے گھر وں سے بے دخل کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے قبلہ اول پر غاصب اسرائیل کو قبضہ ہے، اس قبضے کی سربراہی امریکہ اور یورپ کررہا ہے لٰہذا مسلم امہ کو بیدار ہونا چاہیے اور اپنے اتحاد کے ذریعہ غاصب اسرائیل کو نابود کرنا دینا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ امام خمینی رہ نے رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو فلسطینیوں اور قبلہ اول یعنی یوم القدس قرار دیکر فلسطین کے مسئلہ کو عربوں سے نکال عالمی اسلامی بیداری کو مرکز بناد یا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایک طاقتور پاکستان مسلم ممالک کی قیادت کرسکتا ہے، لٰہذا حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ پاکستان کے وقار کو بڑھانے اور اسے مضبوط بنانے کیلئے مضبوط حکمت عملی اپنانا ہو گی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء اسد عمرکا کہنا تھا کہ فلسطین دنیا ئے اسلام کا اہم ترین مسئلہ ہے اور اسرائیل سے نفرت اور فلسطینیوں نے اظہار یکجہتی اور بیت المقدس کی بازیابی کیلئے جدوجہد کرنا دراصل عدل وانصاف کا تقاضا ہے۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم آزادکشمیرسردار عتیق، سابق رکن قومی اسمبلی جے سالک، قومی اعظم یونیورسٹی کے پروفیسر قندیل عباس، میجرجنرل ریٹائرڈامجد شعیب اور فلسطین فاؤنڈیشن کے ترجمان صابرکربلائی نے کہا کہ فلسطین فقط فلسطینیوں کا ہے، پاکستانی عوام کے دل فلطینیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔

ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ فلسطین سے بے دخل کیے گئے فلسطینیوں کی واپسی کو یقینی بنایا جائے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ 23 رمضان المبارک جمعتہ الوداع کو ملک بھر میں یوم القدس منایا جائیگا، اور قبل اول کی بازیابی کیلئے جدوجہد جاری رکھی جائیگی۔ اس موقع پر مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے ادارے، تنظیمیں اور سول سوسائٹی کے اراکین نے شرکت کی اور پاکستان میں فلسطینی کاز کی حمایت کا اعلان کیا۔