اسلام آباد (جیوڈیسک) جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ جے یو آئی کی کور کمیٹی کے اجلاس میں صدارتی کے انتخاب کے بارے میں غور و خوص ہوا تاہم ابھی تک باضابطہ فیصلہ نہیں کیا گیا۔ مولانا فضل الرحمان کا اسلام آباد میں جاری کئے گئے بیان میں کہنا تھا کہ جے یو آئی بلوچستان میں حقیقی اسٹیک ہو لڈر ہے، مسلم لیگ ن سے دوبارہ رابطے کی صورت میں انہیں جے یو آئی بلوچستان کے تحفظات سے آگاہ کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے سیاسی مستقبل اور موجودہ مخدوش صورتحال کے حوالے سے نئے عمرانی معاہدے کو ضروری سمجھتی ہے، اس حوالے سے اب گیند مسلم لیگ ن کے کوٹ میں ہے۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نواز شریف سے گذشتہ روز کی ملاقات میں امن و امان کے حوالے سے بات ہوئی تھی، جس میں حکومتی اتحادیوں کو اعتماد میں نہ لینے کے حوالے سے تحفظات ظاہر کئے تھے۔