ممبئی (جیوڈیسک) آئی پی ایل اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں نئی پیش رفت ہوئی ہے، بھارتی ٹی وی نے دعوی کیا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے راج کندرا اور گروناتھ میاپن کو تمام الزامات سے بری کر دیا، امکان ہے کہ بی سی سی آئی کے صدر سری نواسن دوبارہ عہدہ کا چارج سنبھال لیں گیانڈین پریمئر لیگ کے چھٹے ایڈیشن میں اسپاٹ فکسنگ کا سلسلہ چلا تو کھلاڑیوں سے لے کر بالی ووڈ اداکار وں تک کوئی بھی قانون کے ہاتھوں سے نہ بچ سکا۔یہاں تک کے چنئی سپر کنگز اور راجستھان رائلز کے کرتا دھرتا گروناتھ میاپن اور راج کندرا کو بھی شامل تفتیش کرلیا گیا۔
راج کندا راجستھان رائلز کے شریک مالک ہونے کے ساتھ ساتھ بالی ووڈ اداکارہ شلپا شیٹھی کے شوہر بھی ہیں، گروناتھ میاپن چنئی سپر کنگز کے پرنسپل اور بی سی سی آئی کے صدر سری نواسن کے داماد ہیں۔ بھارتی ٹی وی کے مطابق بی سی سی آئی نے راج کندرا اور گروناتھ میاپن دونوں کو اسپاٹ فکسنگ کے الزامات سے بری کردیا ہے۔
بی سی سی آئی کے نائب صدر نرنجن شاہ کا کہنا ہے کہ راج کندرا، راجستھان رائلز اور انڈیا سیمنٹس کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ملا۔ امکان ہے کہ سری نواسن جلد ہی بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر کا عہدہ دوبارہ سنبھال لیں گے۔