پاکستان (جیوڈیسک) دوسرے میں کامیابی پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر پہنچا دے گی۔ ویسٹ انڈیز کو ہوم گرانڈ پر ون ڈے کے بعد ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی شکست کا سامنا ہے۔ میزبان ٹیم کے کپتان ڈیرن سیمی کے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کو زیر کرنے کے دعوے دھرے کے دھرے ہی رہ گئے۔ قومی ٹیم نے سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔
ڈیبیو پر عمدہ کارکردگی دکھانے والے ذوالفقار بابر اور عمر امین نے حریف ٹیم کے لئے خطرے کی گھنٹی بجادی دی ہے۔ میزبان ٹیم کو صرف شاہد آفریدی، محمد حفیظ اور سعید اجمل ہی نہیں بلکہ عمر امین اور ذوالفقار بابر سے بھی نمٹنا ہوگا۔ ذوالفقار بابر کی گھومتی ہوئی گیندوں نے مخالف بیٹسمینوں کو خوب گھمایا اور سیریز میں کامیابی میں ذوالفقار بابر کا کردار اہم ہوگا۔ میچ کے لئے قومی ٹیم میں کسی تبدیلی کا امکان نہیں ہے۔ ادھر ویسٹ انڈین ٹیم سیریز بچانے کے لئے سر جوڑ کر بیٹھ گئی ہے۔
ویسٹ انڈیز دوسرا میچ بھی ہار گیا تو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا چیمپئین بننے کے بعد یہ ان کی کسی بھی سیریز میں پہلی شکست ہوگی۔ کرس گیل ون ڈے کی طرح پہلے ٹی ٹوئنٹی میں فیل ہوگئے۔ دوسرے میچ میں بھی ان کی وکٹ پاکستان کے لئے سب سے اہم ہوگی۔ جنید خان کی یارکرز اور محمد عرفان کی بانسرز ایک بار پھر کمال دکھاسکتی ہیں۔ سعید اجمل بھی میزبان ٹیم کے تابوت میں آخری کیل ٹھوکنے کے لئے بے تاب ہیں۔