لاہور (جیوڈیسک) پنجاب کے وزیر اعلی محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بجلی اور گیس چوری سنگین مسئلہ ہے، بڑے بڑے لوگ اس جرم میں ملوث ہیں، اِن مگر مچھوں کو قانون کی گرفت میں لایا جا رہا ہے، ملک و قوم کو اربوں روپے کا نقصان پہنچانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ لاہورمیں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکانِ اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب نے کہاکہ توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
ملک کو جلد اندھیروں سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے،شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بجلی اورگیس چوری میں ملوث فیکٹری مالکان کے ساتھ کرپٹ سرکاری افسروں کے خلاف بھی کارروائی کی جا رہی ہے، انہوں نے ارکانِ اسمبلی کوہدایت کی کہ وہ بجلی اور گیس چوروں کے خلاف مہم میں ہراول دستے کا کردار ادا کریں۔