دریائے سندھ میں تونسہ کے مقام پر پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ

River Indus

River Indus

تونسہ (جیوڈیسک) دریائے سندھ میں تونسہ کے مقام پر پانی کی سطح میں اضافہ ہورہا ہے۔ دریا سے ملحقہ تین بستیوں میں کپاس کی فصلیں زیر آب آ گئیں۔ لوگوں نے نقل مکانی شروع کر دی۔ علی پور میں دریائے سندھ کے بند پر پڑنے والے شگاف کو پر کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ دریائے سندھ میں تونسہ بیراج کے مقام پر پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

فلڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق پانی کی آمد تین لاکھ 48 ہزار کیوسک اور اخراج 3 لاکھ 21 ہزار کیوسک ہوگیا ہے۔ پانی دریاکنارے آباد بستی بیٹے والی،ملک پور اور اشرف آباد میں داخل ہونے سے کپاس کی فصلوں کو نقصان پہنچا۔ ادھر علی پور کے علاقے کندائی میں ٹوٹنے والے سرکی بند کو ضلعی انتظامیہ اور مقامی افراد پر کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

پانی سے 5 مواضعات کوٹلہ غلام شاہ ،ملک آرائیں، ٹبہ بریڑہ، کندائی اور محل میسن میں 50 گھر زیر آب آ گئے۔ متاثرین کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ پانی سے سیکڑوں ایکڑ پر لگی کپاس اور دالوں کی فصل کو بھی نقصان پہنچا ہے۔