کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران میرپورخاص، سکھر، حیدر آباد، ژوب، کشمیر اور اسلام آباد کے چند ایک مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی۔
جن علاقوں میں بارش ہوئی ان میں ائیرپورٹ، اولڈ ایریا، لسبیلہ، جہانگیر روڈ، ناظم آباد پر 2 ملی میٹر، جناح ٹرمینل پر 3.6 ملی میٹر اور لانڈھی میں 12.5 ملی میٹر بارش ہوئی ہے جس سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم رہا تاہم سندھ، بلوچستان اور بہاولپور ڈویژن میں بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔