لاہور (جیوڈیسک) انتظار کی گھڑیاں ختم محکمہ موسمیات نے آج شام سے ملک کے بالائی علاقوں میں مون سون بارشوں کی شدت میں اضافے کی پیش گوئی کر دی۔ گرمی اور حبس کے ستائے روزہ داروں کے لیے خوشخبری ہے کہ آج رات ملک کے بالائی علاقوں میں مون سون بارش کا سلسلہ شروع ہو گا۔
جس کے نتیجے میں اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، سرگودھا، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ ڈویژن میں بارش کا امکان ہے۔ اس دوران کشمیر میں موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سندھ، جنوبی پنجاب اور شمال مشرقی بلوچستان کے علاقوں قلات ،سبی، نصیر آباد اور کوئٹہ میں بھی مزید بارش کا امکان ہے۔
کراچی سمیت سندھ کے ساحلی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی بارش متوقع ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، بہاولپور ڈویژن، مشرقی بلوچستان اور زیریں سندھ میں بارش ہوئی۔