پشاور (جیوڈیسک) 30جولائی کوہونے والے صدارتی انتخاب میں دوجماعتوں کے بائیکاٹ اورچارنشستیں خالی ہونے کے باعث پختونخوا اسمبلی کے 124 کے ایوان میں 112 ارکین ووٹ ڈالیں گے۔ پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کی جانب سے صدارتی انتخاب کے بائیکاٹ کے باعث دونوں جماعتوں کے چار چار اراکین اسمبلی ایوان میں موجود نہیں ہوں گے۔
خیبرپختونخوا اسمبلی کی دونشستیں اراکین کے انتقال کے باعث خالی ہیں جبکہ دوسابق وزرا اعلی اکرم خان درانی اور امیر حیدرہوتی کی نشستیں بھی قومی اسمبلی کی رکنیت حاصل کرنے کے باعث خالی ہیں۔
ایوان میں حکومتی جماعتوں تحریک انصاف کی 55، جماعت اسلامی کی 7، قومی وطن پارٹی کی 9 اور عوامی جمہوری اتحاد کی 4نشستیں ہیں جبکہ اپوزیشن جماعتوں میں جمعیت علمائے اسلام کی16 اور مسلم لیگ ن کی 17 نشستیں ہیں۔یوں پیپلز پارٹی اور اے این پی سمیت بارہ اراکین اسمبلی ایوان میں موجود نہیں ہوں گے۔