اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد کرکٹ بورڈ پلان کے مطابق جونیئر کرکٹرز کی قومی ٹیم میں نمائندگی کو یقینی بنائے، عماد وسیم جیسے باصلاحیت کھلاڑیوں کو ٹیم میں شمولیت کا موقع ملنا چاہئے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق بلے باز اور ایشین بریڈ مین ظہیر عباس نے کہا ہے کہ ذوالفقار بابر نے اپنے انتخاب کو درست ثابت کر دیا ہے۔ ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹی 20 سیریز کے پہلے میچ میں تین وکٹوں کے بعد آخری لمحات میں ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرنا ان کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
جبکہ شاہد آفریدی اور عمر امین نے بھی عمدہ کارکردگی دکھائی۔ ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ بورڈ پلان کے مطابق باصلاحیت جونیئر کرکٹرز کی قومی ٹیم میں نمائندگی کو یقینی بنائے تاکہ ان کو بھی عالمی کرکٹ کا تجربہ حاصل ہوسکے۔ ذوالفقار بابر کی طرح اور بھی کرکٹر ہیں جو ٹیم کے دروازے پر دستک دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ریجن کی طرف سے کھیلنے والے کھلاڑی عماد وسیم کو بھی ٹیم میں موقع ضرور ملنا چاہئے۔ وہ ایک باصلاحیت کھلاڑی ہیں۔