گرمی کی شدت میں کمی کے باوجود ملک میں لوڈ شیڈنگ بدستور جاری ہے۔ فیروز والا اور چترال میں گھنٹوں سے بجلی غائب ہے۔ جس سے روزداروں کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے۔
بارشوں کے باعث جہاں موسم کچھ خوش گوار ہوگیا ہے تو دوسری جانب ملک بھر میں بجلی کا ترسیلی نظام درہم برہم ہوگیا ہے۔ لاہور میں مسلسل اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔ جس کے باعث سحر اور افطار کی تیاری ایک مشکل مرحلہ بن گئی ہے۔ فیروز والا کے علاقے امامیہ کالونی میں بیس گھنٹے سے بجلی بند ہونے کے باعث علاقہ مکینوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا ۔
مشتعل مظاہرین نے جی ٹی روڈ بلاک کرکے ٹائر جلا کر احتجاج کیا۔ خیبر پختون خواہ کے علاقے چترال میں روزانہ بارہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔ شدید گرمی میں عوام کی مشکلات میں دوگنا اضافہ ہوگیا ہے۔ چترال کے مکینوں کے مطابق بجلی ایم این ایز اور با اثر افراد کو فراہم کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب مردان میں غیر قانونی بجلی چوری کرنے والوں کیخلاف ایف آئی اے کی ٹیم نے چھاپہ مارا اور ہائی پاور ٹرانسمیشن لائن سے چلنے والے سی این جی پمپ کی بجلی کاٹ دی۔ این ٹی ڈی سی کے مطابق ملک میں بجلی کا شارٹ فال ساڑھے تین ہزار میگاواٹ ہے۔ بجلی کی موجودہ پیداوار چودہ ہزار جب کہ طلب سترہ ہزار پانچ سو میگاواٹ ہے۔