ٹی وی چینل رمضان ٹرانسمیشن کے نام پر اسلامی اقدار کا مذاق اڑار ہے ہیں : علامہ غفران محمود سیالوی

اسلام آباد : پاکستان سُنی تحریک علماء بورڈ کے چیئرمین اور معروف اسلامی سکالر ابوالبیان علامہ غفران محمود سیالوی نے کہا ہے کہ اکثر ٹی وی چینل رمضان ٹرانسمیشن کے نام پر اسلامی اقدار کا مذاق اڑارہے ہیں وفاقی حکومت وزارت مذہبی امور اور پیمراسختی سے نوٹس لیں۔

ریٹنگ بڑھانے اورپیسہ کمانے کی جنگ نے میڈیا مالکان کو لالچی بنادیاہے رمضان المبارک کے مہینے کو کمائی کا سیزن بنا لیا گیا ہے۔ اسپیشل رمضان ٹرانسمیشن کے نام پرنشر ہونے والے اکثر پروگراموں کے میزبان اسلامی اسکالرز کے بجائے اداکار اور اداکارائیں کر رہے ہیں جن کی اسلامی معلومات صفر ہوتی ہیں۔دین کا علم رکھنے والے علماء ہی بہتر طریقہ سے اسلامی تعلیمات عام کر سکتے ہیں۔

ہمارا میڈیا ملک کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کرنے کی بجائے ہندوستانی اور مغربی ڈرامے ،فلمیں اور پروگرام نشر کر کے نوجوان نسل کو گمراہی کی طرف دھکیل رہا ہے۔انہوں نے اپیل کی کہ میڈیا مالکان کو اسلامی جمہوریہ پاکستان کی بنیادی اساس نظریہ پاکستان کو مد نظر رکھنا چاہئے تاکہ نوجوان نسل اسلامی تعلیمات سے آگاہ ہوکرحقیقی اسلامی فلاحی ریاست کی تشکیل میں اپنا مکمل کردار ادا کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ ذرائع ابلاغ نے عوام کے مابین فاصلوں کو بہت سمیٹ دیا ہے جس کے اگر ایک طرف بہت سے فوائد ہیں تو دوسری طرف بہت سے نقصانات بھی ہیں اب یہ ان ذرائع کو استعمال کرنے والے پر منحصر ہے کہ وہ ان کوکس مقصد کیلئے استعمال کرتا ہے۔

ایک حقیقی اسلامی فلاح ریاست کی تشکیل میں میڈیا اپنا گراں قدر کردار ادا کر سکتا ہے۔لہذٰا کمرشل بنیادوں پر کام کرنے کی بجائے نظریاتی بنیاد وںپر کام کیاجائے تاکہ اسلام کی نشرواشاعت کا فریضہ سرانجام دے کر دنیوی و اخروی کامیابی حاصل کی جا سکے۔