راولپنڈی (جیوڈیسک) انسداد منشیات کی خصو صی عدالت نے ایفی ڈرین کوٹہ کیس کے اشتہاری ملزم خوشنود لاشاری کی اثاثہ جات بحالی سے متعلق درخواست سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے اے این ایف کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔
راولپنڈی میں انسداد منشیات کی خصوصی عدالت کے جج ارشد محمود تبسم نے ایفی ڈرین کوٹہ کیس کی سماعت تو سابق سیکرٹری صحت خوشنود لاشاری کے وکیل فیصل چودھری نے بتایا کہ خوشنود لاشاری کینیڈا میں شدید بیمار ہیں، صحت یاب ہونگے تو واپس آئیں گے۔
عدالت نے تاخیر سے پہنچنے پر علی موسی گیلانی کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ تاخیر سے آنے پر وارنٹ گرفتاری جاری کر دیا جائے گا۔بعد میں کیس کی سماعت سترہ اگست تک ملتوی کر دی گئی۔
عدالت کے باہر ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی موسی گیلانی نے ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں چالان پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ہمارے خاندان کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، علی موسی گیلانی کا کہنا تھا کہ میرے والد نے سابق چئیرمین اوگرا توقیر صادق کا تقرر میرٹ پر کیا تھا۔