عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر سینیٹر شاہی سید نے کہا ہے کہ ماہ مقدس میں ٹارگٹ کلنگ میں اضافہ حکومت کے لئے شرم اور سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی پرسوالیہ نشان ہے۔ باچا خان مرکز سے جاری کردہ بیان میں سینیٹر شاہی سید نے کہا کہ ٹارگٹ کلرز کی عدم گرفتاری اس بات کی نشاندہی کررہی ہے۔
کہ درندہ صفت ٹارگٹ کلرز کو عوام کے قتل و غارت گری کی کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے۔ سفاک دہشتگرد معصوم اور بے گناہ لوگوں کو قتل کر رہے ہیں۔ کراچی شہر مقتل گاہ بن چکا ہے۔
سیکیورٹی اور خفیہ ادارے اپنی کارکردگی بہتر بنانے کے بجائے مکمل چشم پوشی سے کام لے رہے ہیں۔ سینیٹر شاہی سید نے کہا کہ اے این پی دہشتگردوں کے خلاف ہمیشہ آواز بلند کرتی آئی ہے اورکرتی رہے گی۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور شہر کو دہشتگردوں سے پاک کیا جائے۔