ڈی آئی خان (جیوڈیسک) سانحہ ڈیرہ اسماعیل خان جیل میں غفلت برتنے پر ایس پی اورڈی ایس پی سمیت 27 اہلکار معطل کردیئے گئے۔ واقعے کی تحقیقات کے لئے انکوائری کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی۔ ڈیرہ اسماعیل خان جیل توڑنے اور خطرناک قیدیوں کو چھڑانے کے واقعے میں غفلت کے مرتکب ایلیٹ فورس کے ایس پی توحید اور ڈی ایس پی بہران سمیت 27 اہلکار معطل کردیئے گئے۔
آئی جی پی احسان غنی، ہوم سیکرٹری محمد اعظم خان اور ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ سیداختر علی شاہ نے ڈیرہ جیل کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہیں واقعے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ پولیس حکام نے واقعے کی تحقیقات کے لئے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو وقار ایوب اور ایڈیشنل آئی جی اسپشل برانچ سید اختر علی شاہ پر مشتمل دو رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی۔
جو کہ ذمہ داروں کا تعین کرکے صوبائی حکومت کو رپورٹ پیش کرے گی۔ اس کے علاوہ پولیس افسران پر مشتمل الگ انوسٹی گیشن ٹیم بھی تشکیل دی گئی ہے جو کہ آئی جی پی خیبر پختون خواکواپنی رپورٹ پیش کرے گی۔