لندن (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے صدارتی انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار جناب ممنون حسین کو بھاری اکثریت سے صدرپاکستان منتخب ہونے پر اپنی، متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماوں اور کارکنوں کی جانب سے دلی مبارکباد پیش کی ہے، ایم کیو ایم کے جاری کردہ بیان کے مطابق الطاف حسین نے امید ظاہر کی کہ نومنتخب صدر پاکستان، قومی یکجہتی کے فروغ، جمہوریت کے استحکام، صوبوں کے درمیان بہتر تعلقات کے قیام، معیشت کی بہتری، دہشت گردی کے خاتمہ اور لوڈ شیڈنگ سمیت دیگر عوامی مسائل کے حل کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
الطاف حسین نے کہا کہ صدرپاکستان جناب ممنون حسین، کسی ایک جماعت یا کمیونٹی کے نہیں بلکہ پورے پاکستان کے عوام کے صدر ہیں، الطاف حسین نے صدارتی انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کی کامیابی پر وزیراعظم میاں محمد نواز شریف، وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف، مسلم لیگ کے دیگر تمام رہنماوں، تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماوں، کارکنوں اور ملک بھرکے عوام کو دلی مبارکباد پیش کی۔