فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے مالی سال 2013-14 میں ٹیکس محاصل کا ہدف حاصل کرنے کیلئے آگاہی مہم کا آغاز کردیا ہے ،اس سلسلے میں ایف بی آر کے ریجنل ٹیکس دفاتر نے مہم کے تحت مختلف پروگرام ترتیب دیئے ہیں، چیف کمشنر آرٹی او اسلام آباد میاں سعید اقبال کے مطابق ابتدائی طور پر ٹیکس گزاروں کیلئے آگاہی مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔
اس سلسلہ میں جلد تاجروں کے نمائندوں اور یونینز کے ساتھ ملاقات کی جائے گی، مزید برآں چیف کمشنر کے مطابق شادی ہالوں، کیٹرنگ، تعلیمی اداروں کو ان کی ذمہ داری سے آگاہ کیا جائے گا، جس کے مطابق موجودہ مالی سال سے 10 فیصد ٹیکس کی وصولی ان کی ذمہ داری ہے، آر ٹی او اسلام آباد نے سیلز ٹیکس کی وصولی کو موثر بنانے کیلئے ڈاکٹر محمد نبیل کی سربراہی میں ٹاسک فورس بھی قائم کی ہے، جو روزانہ کی بنیادوں پر کمشنر آرٹی او اسلام آباد نادر ممتاز وڑائچ کو رپورٹ کرے گی۔