یوم شہادت علی: شہر شہر ماتمی جلوس برآمد ہونا شروع

Shahadat Ali Day

Shahadat Ali Day

پاکستان سمیت دنیا بھر میں داماد رسول اور خلیفہ چہارم حضرت علی رضی اللہ تعالی عنہ کا یوم شہادت عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔ شہر شہر ماتمی جلوس برآمد ہونا شروع ہوگئے۔

دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی اکیسویں رمضان کو یوم شہادت حضرت علی رضی اللہ تعالی عنہ عقیدت و احترام سیمنایا جارہا ہے۔ ملک بھر سے ماتمی جلوسوں کی برآمدگی صبح سویرے سے ہی شروع ہوگئی۔ لاہور سے یوم علی کا مرکزی جلوس مبارک حویلی موچی گیٹ سے برآمد ہوا۔ جلوس روایتی گزر گاہوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہوگا۔

بہاولپور میں یوم علی کے مناسبت سے چونتیس مجالس اور پانچ جلوس نکالے جارہے ہیں۔ ملتان میں یوم علی کا مرکزی جلوس الثنا چوک تک پہنچ گیا جبکہ کاشانہ حیدر سے برآمد ہونے والا جلوس نماز ظہرین کے وقت امام بارگاہ لال کرتی پر اختتام پزیر ہوگا۔ شہر بھر سے دس جلوس نکالے جارہے ہیں.

فیصل آباد میں یوم علی کا جلوس علامہ اقبال کالونی امام بارگاہ قصر بتول سے برآمد ہوا۔ جو سوا دو بجے امام بارگاہ قصر بتول پر ہی اختتام پذیر ہوگا۔ فیصل آباد میں یوم علی کا دوسرا جلوس شام چھ بجے مرکزی امام بارگاہ دھوبی گھاٹ سے برآمد ہوکر وہیں پر اختتام پذیر ہوگا۔ جھنگ میں یوم علی کا مرکزی جلوس امام بارگاہ مہاجرین سے برآمد ہوا۔ چیچہ وطنی میں ہوم علی کے موقع پر اہلسنت والجماعت کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی۔

سندھ بھر میں بھی یوم علی کے مناسبت سے جلوس اور مجالس منعقد کی جارہی ہیں۔ سکھرمیں روہڑی سے مرکزی جلوس برآمد ہوگا۔ حیدرآباد میں بھی شہادت علی پر جلوس اور مجالس کا سلسلہ جاری ہے۔ کراچی میں مرکزی جلوس نشتر روڈ سے برآمد ہوگا۔ جلوس روایتی گز گاہوں سے ہوتا ہوا ایرانیان حسینان کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا۔ جلوس کے راستوں پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتطامات کئے گئے۔