اسلام آباد (جیوڈیسک) سپریم کورٹ میں اولڈ ایج بینیفٹ اراضی سکینڈل کیس کی سماعت کے دوران ای او بی آئی کے نئے چیئرمین ایوب شیخ نے کہا ہے کہ ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ سپریم کورٹ میں ای او بی آئی کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔ ای او بی آئی کے نئے چیئرمین ایوب شیخ نے عدالت کو بتایا کہ ای او بی آئی میں پری آڈٹ نظام بحال کر دیا گیا ہے۔
مہنگے داموں خریدی جانیوالی زمین کے آڈٹ کا حکم دیا ہے۔ ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔ ایوب شیخ نے بتایا کہ اس کیس کی تحقیقات کیلیے فیکٹ فائینڈنگ کمیٹی بنا دی ہے۔
ڈی ایچ اے کے وکیل عرفان قادر نے عدالت سے استدعا کی کہ ڈی ایچ اے کے اکانٹس بحال کئے جائیں کیونکہ غریب ملازمین کو تنخواہیں ادا کرنی ہیں۔ عدالت نے ڈی ایچ اے کو اکانٹس بحال کرانے کے لیے علیحدہ درخواست دائر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے مقدمے کی سماعت کل تک ملتوی کر دی ہے۔