پاکستان (جیوڈیسک) پاکستان میں امریکہ کے سفیر رچرڈاولسن نے کہا ہے کہ امریکہ اور پاکستان کے دوطرفہ تعلقات انتہائی مضبوط ہیں اور امریکہ پاکستان کی سیاسی اور سفارتی حمایت کو ہمیشہ بڑی اہمیت دیتا ہے ،امریکی حکومت پاکستان کو اقتصادی بحالی میں مدد فراہم کرنا چاہتی ہے، وہ سرمایہ کاری بورڈ کے دورہ کے موقع پر چیئرمین محمد زبیر سے ملاقات میں اظہار خیال کر رہے تھے۔
ملاقات میں گزشتہ حکومت کے زیر التوا معاملات باالخصوص دوطرفہ سرمایہ کاری کے معاہدے سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، امریکی سفیر نے کہا کہ امریکہ اقتصادی مسائل کے حل، ترقی و خوشحالی اور لوگوں کو روزگار کے مواقع کی فراہمی میں پاکستان کی مدد کرنا چاہتا ہے۔
امریکی سفیر نے پاکستان کی سرمایہ کاری پالیسی اور خصوصی اقتصادی زونز کو اجاگر کرنے کے لئے امریکہ میں روڈ شوز کے انعقاد کی ضرورت پرزوردیا اور کہا کہ اس سلسلے میں امریکن بزنس کونسلز اور دیگر فورمز پاکستان میں امریکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لئے تعاون حاصل کیا جائے۔
اس موقع پر سرمایہ کاری بورڈ کے چئرمین محمد زبیر نے کہا کہ موجودہ حکومت امریکہ کے ساتھ بلاتاخیر دوطرفہ سرمایہ کاری کا معاہدہ کرنے کے لئے پرعزم ہے، چیئرمین نے امریکی سفیر کو سرمایہ کاری بورڈ میں ری اسٹر کچرنگ کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں یو ایس ایڈ فنی و مالیاتی معاونت فراہم کر رہا ہے، انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری بورڈ سرمایہ کاروں کی سہولت کے لئے جلد ون اسٹاپ شاپ کی سہولت شروع کرے گا۔