کینبرا (جیوڈیسک) کینبرا آسٹریلوی وزیرِ اعظم کیون رڈ نے انگلینڈ میں جاری ایشز سیریز کے تیسرے ٹسیٹ میچ کے پہلے دن آسٹریلوی بلے باز کو آٹ دینے کے فیصلے پر تنقید کی ہے۔ واضح رہے کہ ایشز سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میں آسٹریلوی بلے باز عثمان خواجہ کو وکٹوں کے پیچھے کیچ آٹ قرار دیا گیا تاہم ویڈیو ری پلیز کے مطابق گیند نے ان کے بلے کو چھوا نہیں تھا۔ کیون رڈ نے ٹویٹ کیا یہ فیصلہ کرکٹ امپائرنگ کے بد ترین فیصلوں میں سے ایک تھا۔
ادھر آسٹریلیا کے سابق لیگ سپنر شین وارن نے بھی اس فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا یہ حیرت انگیز تھا۔ یہ فیصلہ مکمل طور پر حیرت انگیز تھا۔ خیال رہے کہ امپائر ٹونی ہل نے تیسرے ایشز ٹیسٹ کے پہلے دن آسٹریلوی بلے باز عثمان خواجہ کو کھانے کے وقفے سے پہلے وکٹوں کے پیچھے کیچ آٹ قرار دیا تھا۔ ٹونی ہل کے خیال میں بلے باز کے بلے نے گیند کو چھوا تھا۔ امپائر کے اس فیصلے کے خلاف عثمان خواجہ نے ریویو لیا۔ ہاٹ سپاٹ ٹیکنالوجی نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ گیند بلے کو چھو کر نہیں گذری۔
تاہم اس کے باوجود ٹی وی امپائر کمار دھرما سینا نے فیلڈ امپائر کے فیصلے کو برقرار رکھا۔ شین وارن نے سکائے سپورٹس کی جانب سے کمنٹری کرتے ہوئے کہا گیند اور بلے کے درمیان بہت فرق تھا۔ وہاں ہاٹ سپاٹ نہیں تھا اور نہ کسی قسم کا کوئی شور تھا بلکہ یہ صرف عثمان خواجہ کے بلے کے پیڈ کو چھونے کی آواز تھی۔ شین وارن کے مطابق آپ دیکھ سکتے ہیں کہ خواجہ کا بلا پیڈ سے ٹکرایا جبکہ گیند وہاں سے گذر گئی اور کوئی شور نہیں ہوا۔ ادھر انگلینڈ کے سابق بلے باز جیفری بائیکاٹ کا کہنا ہے تھرڈ امپائر کے لیے ایسے فیصلوں کا کوئی بہانہ نہیں ہوتا۔