نارووال (جیوڈیسک) نارووال اور پسرور کے قریبی درجنوں دیہات سیلابی پانی میں گھر گئے ہیں۔ نارووال اور پسرور کا سیالکوٹ سے زمینی رابطہ کٹ گیا ۔ فلڈ فور کاسٹنگ ڈویژن نے ڈیرہ غازی اور راجن پور میں بھی سیلاب کی وارننگ جاری کر دی۔ نارووال، نارووال کے نواحی علاقے نالہ ڈیک آنے والی طغیانی سے ڈوب گئے ہیں اور یہاں سینکڑوں ایکڑ اراضی پر کاشت کی جانے والی چاول کی فصل کا نام و نشان بھی باقی نہیں رہا۔
10 دیہات کے تین ہزار مکین گھروں میں محصور ہو گئے ہیں۔ پھنسے ہوئے لوگوں کو کشتیوں کے ذریعے نکال کر ریسکیو 1122 کے ذریعے محفوظ مقامات پر پہنچایا جا رہا ہے۔ نارووال پسرور روڈ پر نیویں پلی کے اوپر سے پانی گزرنے سے نارووال اور پسرور سے سیالکوٹ جانے والی ٹریفک بند ہو گئی ہے۔
چترال میں طوفانی بارش کے بعد سیلاب نے تباہی مچا دی۔ وادی کیلاش کا زمینی راستہ بند ہو گیا۔ فلڈ فارکاسٹنگ ڈویژن نے مقبوضہ کشمیر سے آنے والے ندی نالوں میں طغیانی کی پیش گوئی کی ہے جبکہ ڈیرہ غازی اور راجن پور میں بھی سیلاب کی وارننگ جاری کر دی ہے۔