کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں بھی مقبوضہ بیت المقدس کی آزادی اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے یوم القدس ریلیاں نکالی گئیں، جن میں خواتین اور بچوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ یوم القدس کی ریلی ہر سال جمعتہ الوداع کونکالی جاتی ہے، جس کا مقصد فلسطین پر اسرائیل کے غاصبانہ قبضے کے خلاف احتجاج کرنا ہے۔ کراچی میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی جانب سے یوم القدس ریلی ایم اے جناح روڈ پر نمائش چورنگی سے تبت سینٹر تک نکالی گئی۔
ریلی میں خواتین اور بچوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکا سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کاکہنا تھاکہ قبلہ اول کی آزادی مسلم امہ کی اولین ترجیح ہونی چاہئے۔ شیعہ علما کونسل کی جانب سے ریگل چوک سے کراچی پریس کلب تک القدس ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں علامہ ناظر عباس تقوی، علامہ جعفر سبحانی سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے۔ مقررین نے فلسطینی مسلمانوں کی آزادی کا مطالبہ اور ملک بھر میں ہونے والی ٹارگٹ کلنگ کی شدید مذمت کی۔