خیبر ایجنسی (جیوڈیسک) خیبر ایجنسی میں طوفانی بارش کے بعد برساتی نالے میں طغیانی سے پشاور کے کئی علاقے زیر آب آ گئے، ورسک روڈ اور چارسد روڈ پر بڈھنی نالے کے قریب سیکڑوں گھروں میں سیلابی پانی داخل ہو گیااور 5 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ جمعے کی دو پہر خیبرایجنسی میں موسلا دھار بارش کے باعث حیات آباد اور ناصر باغ کے برساتی نالوں میں طغیانی آ گئی اور پانی حیات آباد کے کئی گھروں اور مارکیٹوں میں داخل ہو گیا جبکہ سڑکیں زیر آب آ گئیں۔
سیلابی ریلہ بورڈنہر سے گزرتا ہواریگی میں داخل ہوا اورتباہی مچاتا ہوا ورسک روڈ پر پیر بالا، جمعہ خان کلے، حسن گڑھی اور اس سے ملحقہ علاقوں میں سیکڑوں گھروں اور کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچاتے ہوئے 5 افراد کی جان بھی لے گیا۔ اس کے بعد سیلابی ریلا چارسدہ روڈ کے بڈھنی نالے پہنچا جہاں طغیانی کے باعث پشاور اور چارسدہ کا زمینی راستہ منقطع ہوگیا۔
ضلعی انتظامیہ اور پاک فوج کے جوانوں نے ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے کشتیوں کے ذریعے پانی میں پھنسے ڈیڑھ سو سے زیادہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا۔ عسکری حکام کے مطابق صوبائی حکومت کی درخواست پرامدادی کارروائیوں کے لیے موٹر بوٹس فراہم کر دی گئی ہیں جبکہ سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے کور ہیڈ کوارٹر پشاور میں مانٹیرنگ روم بھی قائم کر دیا گیا ہے