ملک کے اکثر علاقوں میں بارشیں، ندی نالوں میں طغیانی

Pakistan Rain

Pakistan Rain

اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک کے اکثر علاقوں میں بارشیں، ندی نالوں میں طغیانی، محکمہ موسمیات کی بلوچستان، خیبرپختون خوا اور پوٹھوہار کے برساتی نالوں کے گرد آبادیوں کو اتوار کی شام تک محتاط رہنے کی ہدایت محکمہ موسمیات نے بلوچستان میں جاری شدید بارش کا سلسلہ آج دوپہرتک رک جانے کی توقع ہے۔

سبی، نصیرآباد، مکران اور قلات ڈویژن سمیت صوبے کے برساتی نالوں میں آج بھی شدید طغیانی رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے برساتی نالوں کے اطراف میں رہنے والوں کو اتوار کی شام تک محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔ خیبرپختون خوا میں بارش کے باعث برساتی نالوں اور دریائے کابل میں بھی طغیانی کا خدشہ ہے۔

آج دوپہر خیبرپختون خوا کے بالائی علاقوں میں موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ مالاکنڈ، ہزارہ، کوہاٹ، پشاور، مردان ڈویژن میں بھی بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج شام سندھ کے زیریں علاقوں کراچی، حیدرآباد ڈویژن میں موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان، سندھ، خیبرپختون خوا، جنوبی پنجاب میں بارش کا امکان ہے۔جنوبی پنجاب کے علاقوں بہاولپور، ساہیوال، ڈی جی خان ڈویژن ،کشمیر اور اس کے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں اکثر مقامات پرگرج وچمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔