نیشنل بینک آف پاکستان نے زرعی شعبے میں 57 ارب روپے کے قرضہ جات فراہم کرکے ملک میں زرعی شعبے کو سب سے زیادہ مالی معاونت فراہم کرنے کے ادارے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ بینک کے ترجمان کے مطابق جون 2013 کو ختم ہونے والے مالی سال میں نیشنل بینک نے زرعی شعبے کو اسٹیٹ بینک کی جانب سے دیئے گئے ہدف کے مقابلے میں 120 فیصد زیادہ قرضہ جات فراہم کئے۔ اس طرح نیشنل بینک کسان دوست بینک کی حیثیت سے اپنا ریکارڈ برقرار رکھنے میں کامیاب رہا۔
اعدادوشمار کے مطابق پاکستان کے پانچ بڑے بینکوں کا سالانہ ہدف گذشتہ برس کے مقابلے میں اٹھارہ فیصد زائد مقرر کیا گیا تھا مگر یہ بینک محض تیرہ فیصد زائد قرضہ جات فراہم کرسکے۔ ان بینکوں میں فیصد کے لحاظ سے الائیڈ بینک 146.2 فیصد کے ساتھ سرفہرست رہا۔
نیشنل بینک نے ہدف کے مقابلے میں 119.5 فیصد قرضہ جات فراہم کئے جبکہ ایم سی بی نے 103.9 فیصد اور حبیب بینک نے ہدف کے مقابلے میں 100.3 فیصد قرض فراہم کئے۔ یونائیٹڈ بینک کی کارکردگی صرف ہدف کو حاصل کرنے تک محدود رہی۔