لاہور کی خبریں 03.08.2013
Posted on August 3, 2013 By Geo Urdu لاہور
لاہور: رکشہ اور کار میں تصادم ایک شخص جاں بحق، 3 زخمی
لاہور (پی پی سی) لاہور میں رکشہ اور کار میں تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ تین شدید زخمی ہوگئے۔ حادثے کی ذمہ دار ، خاتون کار ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئیں۔ لاہور میں پنجاب یونیورسٹی نیو کیمپس سگنل پر ایک کار اور رکشہ میں تصادم ہوا۔جس کے باعث رکشہ میں موجود امتیاز نامی شخص موقع پر جاں بحق جبکہ رکشہ ڈرائیور سمیت تین افراد شدید زخمی ہوگئے۔ ریسکیو ٹیم نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو تشویشناک حالت میں جناح ہسپتال منتقل کر دیا۔ جن میں ایک کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے جبکہ خاتون کار ڈرائیور موقع سے فرار ہوگئی۔ پولیس نے جائے حادثہ پر پہنچ کر تفتیش شروع کر دی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حمزہ شہبازشریف نے میرا صوفہ قبول کرکے ثابت کردیاکہ ان کی نظر میں امیر اور غریب میں کوئی تفریق نہیں۔خالد محمود
لاہور ( پی پی سی) جیالا ہوتو ایسا صوبائی دارالحکومت لاہور میں صوفہ پوشش کے ماسٹر اور مسلم لیگ(ن) کے دیرینہ کارکن ٹائون شپ کے رہائشی خالد محمودنے اپنی پارٹی کے انتخابی نشان شیر کی شکل والا صوفہ بنادیا۔خالد محمود نے پنے بنائے ہوئے فن پارے کو گزشتہ روز ماڈل ٹائون میں مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماء حمزہ شہباز شریف سے ملاقات کر کے ان کو تحفے میں دیدیا جسے انہوں نے اپنے آفس کی زینت بنا لیا۔حمزہ شہباز شریف شیر والا صوفہ دیکھ کر حیران رہ گئے۔ انہوںنے مسلم لیگ ن سے محبت کرنے والے خالد کو اپنے ساتھ صوفے پر بیٹھا لیااور کہاکہ پارٹی کو آپ جیسے مخلص ایماندار افراد کی ضرورت ہے۔ ٹاون شپ کے علاقہ میں بسم اللہ پوشش کا کام کرنے والے خالد محمود کا تعلق پاکستان مسلم لیگ (ن) سے ہے ان کاکہنا ہے کہ ان کی دیرینہ خواہش تھی کہ وہ اپنی پارٹی نشان والا صوفہ بنائیں۔انہوں نے بتایا کہ اس پر 50ہزار روپے خرچ ہوئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ حمزہ شہبازشریف نے میرے ہاتھوں سے بنا صوفہ قبول کرکے نہ صر ف میری حوصلہ افزائی کی ہے بلکہ انہوں نے یہ ثابت کردیاکہ ان کی نظر میں امیر اور غریب میں کوئی تفریق نہیں۔ انہوںنے کہاکہ میں پارٹی کا ایک ادنیٰ ورکر ہوں اور پارٹی کیلئے کام کرتارہوںگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لولے لنگڑے بلدیاتی ادارے عوام کی کوئی خدمت نہیں کرسکیں گے ، سیمل کامران
لاہور (پی پی سی)پاکستان مسلم لیگ پنجاب کی ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات سیمل کامران نے کہا ہے کہ لولے لنگڑے بلدیاتی ادارے عوام کی کوئی خدمت نہیں کرسکیں گے ، عدالت حکم نہ دیتی تو ن لیگ کبھی بلدیاتی الیکشن نہ کرواتی حکومت بااختیار ادارے نہیں چاہتی ، اپوزیشن عدالت جانے کی تیاری کرے ، انہوںنے اپنے بیان میں کہا کہ چوہدری پرویز الہٰی کے دور میں جتنے اختیارات ایک ٹائون ناظم کے پاس تھے اتنے اختیارات آج کے وزیر کے پاس نہیں ، وزیر اعلیٰ پنجاب پٹواری سے لیکر چیف سیکرٹری تک اور سپاہی سے لیکر آئی جی تک کے اختیارات خود استعمال کرنے کے عادی ہیں ، وہ وزراء کے اختیارت بھی خود استعمال کرتے ہیں اس لیے منتخب بلدیاتی اداروں کو کبھی بااختیار نہیں بنائیں گے اس کے لیے متحدہ اپوزیشن کو سول سوسائٹی سے ملکر سیاسی و قانونی جدوجہد کرنی چاہئیے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ثانوی تعلیمی بورڈز کے میٹرک کے امتحانات میںپوزیشن حاصل کرنے والے130 طلبا و طالبات کو سر ٹیفکیٹس دئیے جائیں گے
لاہور(پی پی سی)وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف 17اگست کوایوان وزیر اعلی لاہور میں ایک پروقار تقریب کی صدارت کریں گے جس میں پنجاب کے 9ثانوی تعلیمی بورڈز کے میٹرک کے امتحانات میں پہلی ،دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے130 طلبا و طالبات کو میرٹ سر ٹیفکیٹس اور نقد انعامات دئیے جائیں گے ـ سندھ ،بلوچستان ،خیبر پختونخوا،گلگت بلتستان اور آزاد جموں کشمیر سے صوبائی سطح پر اوور آل پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے ایک ایک بوائے سٹوڈنٹ اور ایک ایک گرل سٹوڈنٹ کو بھی اس موقع پرمدعو کیا گیا ہے ـانہیں بھی نقد انعام اور میرٹ سر ٹیفکیٹ ملیں گے ـ صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں کی صدارت میں سول سیکرٹریٹ لاہور میں منعقدہ اعلی سطحی اجلاس میں پوزیشن ہولڈرز کو انعامات دینے کی تقریب کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ـسیکرٹری ہائر ایجوکیشن پنجاب فرحان عزیز خواجہ،سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب مومن آغا،سپیشل سیکرٹری ہائرایجوکیشن سہیل شہزاد ،ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز پنجاب امجد حسین ،ڈی جی پروٹوکول اسجد غنی طاہر،ڈپٹی سیکرٹری ایوان وزیر اعلی شاہد اقبال اور چیئر مین بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن لاہور نصر اللہ ورک نے اجلاس میں شرکت کی ـاجلاس میں تقریب کے احسن انداز میں انعقاد کے لئے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئیں جو تقریب کے سیٹنگ پلان کی جزئیات طے کرنے اور سٹیج مینجمنٹ کے علاوہ استقبالیہ کائونٹر پر تقریب کے 400شرکاء کو درجہ بہ درجہ پروٹوکول دینے کے معاملات کی ذمہ دار ہوں گیـاجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تقریب میں پوزیشن ہولڈر طلبا و طالبات ،ان کے گارڈین،معرو ف ماہرین تعلیم،متعلقہ تعلیمی اداروں کے سربراہان ،لاہور کی پانچوں سرکاری یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز ،صوبائی کابینہ اور پنجاب اسمبلی کے بعض ارکان ،معروف اینکر پرسنز ،بڑے میڈیا ہائوسز کے سربراہان،سوشل میڈیا کے بلاگرز ،ایف ایم ریڈیوزسے منسلک ڈی جے ز(Disk Jokeys)کے علاوہ کھیلوں اورفنون لطیفہ سے تعلق رکھنے والی بعض قومی سطح کی شخصیات کو بھی شرکت کی دعوت دی جائے گی جبکہ تقریب کی فل ڈریس ریہرسل ایک دن پہلے 3بجے سہ پہر منعقد کی جائے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پچھلی حکومتوں کی خراب کارکردگی کی گردان کرنے والے موجودہ حکمران عوام کی حالت پررحم کھائیں، عابد حسین صدیقی کا مشترکہ بیان
لاہور( پی پی سی) پیپلز پارٹی لاہور کی صدر ثمینہ خالد گھرکی اور لاہور کے سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ماہ رمضان میں پٹرول اور بجلی کی قیمتوںمیں اضافہ عوام پر ظلم ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومتوں کی خراب کارکردگی کی گردان کرنے والے موجودہ حکمران عوام کی حالت پررحم کھائیں اور قیمتوں میں اندھا دھند اضافہ کرنے کا سلسلہ بند کریں۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میںاضافے سے پٹرول کمپنیوں کو 560 ملین روپے کا منافع ہوا ہے جبکہ غریب کی کمر ٹوٹ گئی ہے حکومت، افسرشاہی اورپٹرول مافیا مل کر عوام کو لوٹ رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی پر تنقید کرنے والے موجودہ حکمران پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں عوام کوریلیف دیں وگرنہ ان کا حشر قوم کیلئے مثال بن جائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
قوم کے دکھوں کا علاج لیڈروں کے سچ بولنے میں ہے۔ قوم کا اداروں پر اعتماد قائم رہنا چاہئے،رکن پنجاب کا بیان
لاہور(پی پی سی) پاکستان تحریک انصاف کی جنرل سیکرٹری شعبہ خواتین و رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانانے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے سے مہنگائی کی ایک نئی لہر آئے گی ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ قوم کے سامنے حقائق لانے کا وقت آگیا۔ قوم کے دکھوں کا علاج لیڈروں کے سچ بولنے میں ہے۔ قوم کا اداروں پر اعتماد قائم رہنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو عوام کے مسائل حل کرنے ہونگے ورنہ گھر جانا ہوگا۔ رانا ثناء اللہ مولا جٹ کا کردار ادا کررہے ہیں ان کے ہوتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کو اپوزیشن کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا جانتی ہے کہ عام انتخابات میں تاریخی دھاندلی ہوئی۔