کشمیر کی خبریں 03.08.2013

بھارتی فوج نے مثرھل سیکٹر میں ایک نوجوان کو گولی مار کر شہید کردیا
سری نگر(پی پی سی) بھارتی فوج نے کپواڑہ ضلع کے کیرن ،مثرھل میں ایک نوجوان کو درانداز قرار دیکر گولی مار کرش ہید کردیا ۔ادھر بارڈر سیکیورٹی فورس نے دعوی کیا ہے کہ اس کے اہلکاروں نے آر ایس پورہ سیکٹر میں در اندازی کی ایک کوشش کو ناکام بنا تے ہوئے بھارتی کرنسی اور کچھ اسلحہ بر آمد کیا ہے۔ بی ایس ایف کے ترجمان نے بتایا ہے کہ 193بٹالین سے وابستہ اہلکاروں نے چھائونی سرحدی چوکی پر خار دار باڑ کے قریب مشکوک نقل و حرکت دیکھی اور کچھ افراد بھارتی علاقہ میں داخل ہو گئے۔ اہلکاروں نے ان پر فائرنگ شروع کر دی جس پر وہ وہ گھنی جھاڑیوں کی آڑ میں واپس چلے گئے ۔ ترجمان کے مطابق اس علاقہ کی تلاشی لینے پر 2پیکٹ بر آمد ہو ئے جن میں 96 ہزار روپے کی بھارتی کرنسی، ایک چینی ساخت کا پستول، ایک میگزین بمعہ اسلحہ اوربر آمد ہو ا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مقبوضہ کشمیرمیں سات ماہ میں عسکریت پسندوں نے 25 فورسز اہلکار ہلاک ہوئے، اجلاس میں رپورٹ پیش
نئی دہلی(پی پی سی)بھارتی وزیر دفاع کی صدارت میں بھارتی عسکری قیادت نے پاکستان کے ساتھ لگنے والی کنٹرول لائن اور چین کے ساتھ لگنے والی لائن آف ایکچول کنٹرول پر دفاعی تیاریوں کو تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بھارتی اخبار کے مطابق گزشتہ روز نئی دہلی میں ہونے الے اجلاس میں فوج کی تینوں شاخوں کے سربراہان، قومی سلامتی مشیر اور وزارت دفاع کے سینئر اہلکاروں نے شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق بھارت کی دفاعی صلاحیتوں، شورش زدہ ریاستوں میں داخلی سلامتی اور پڑوسی ممالک بالخصوص پاکستان و افغانستان کی صورتحال کاجائزہ لینے کیلئے وزیر دفاع اے کے انتھونی کی زیر صدارت نئی دہلی میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں بری فوج کے سربراہ جنرل بکرم سنگھ، بحریہ کے سربراہ اور فضائیہ کے چیف ائر چیف مارشل این اے کے براونے کے علاوہ بھارت کے قومی سلامتی مشیر شیو شنکر مینن، وزارت دفاع کے سیکرٹری اور وزارت کے دیگراعلی افسران نے بھی شرکت کی۔دفاعی ذرائع کے مطابق میٹنگ میں ملک کی مجموعی حفاظتی صورتحال کے ساتھ ساتھ پڑوسی ممالک سے جڑے دفاعی امورپر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ جموں کشمیر اور شمال مشرقی ریاستوں کی داخلی سلامتی کے معاملات بھی زیر بحث آئے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں خاص طور پر پاکستان کے ساتھ لگنے والی کنٹرول لائن اور چین کے ساتھ لگنے والی لائن آف ایکچول کنٹرول پر دفاعی تیاریوں کا جائزہ بھی لیا گیا اور اس ضمن میں وزیردفاع کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ جموں کشمیر میں کنٹرول لائن پر مسلح جھڑپوں اور اندرون ریاست عسکری سرگرمیوں میں اضافے کے بیچ منعقد ہونے والی اس میٹنگ میں ملی ٹینسی اور دراندازی کی نوعیت اور اس پر قابو پانے کیلئے اٹھائے جارہے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا گیا کہ رواں سال کے پہلے سات ماہ میں ریاست میں سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے اور اب تک پچیس فورسز وپولیس اہلکار مارے گئے ہیں،شمالی کشمیر کے مختلف سرحدی سیکٹروں میں دراندازی کی تازہ کوششوں میں اضافہ بھی حفاظتی اداروں کیلئے ایک بڑا چیلنج ہے اجلاس میں اس ضمن میں مزید اقدامات اٹھانے کی ضرورت کا بھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں جموں کشمیر کیساتھ ساتھ شمال مشرقی ریاستوں میں جنگجو مخالف کارروائیوں اور فوج کو درپیش چیلنجوں کے بارے میں بھی خیالات کا تبادلہ کیا گیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کشمیر کے لوگ ایک مثالی پرامن تحریک آزادی چلارہے ہیں جواب میں کشمیری مارے جا رہے ہیں،چیئرمین جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کا اجتماع سے خطاب
سرینگر(پی پی سی)جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہا ہے کہ بھارت کیساتھ تجارتی اغراض اور سیاسی تعلقات کیلئے جموں کشمیر میں ہونیوالے مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی مجرمانہ ہے جس سے برصغیر کے خرمن امن کو مذید تباہی اور تنائو کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ چرار شریف میں منعقدہ ایک پروقار عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کے لوگوں نے فردا فردا تحریک آزادی کیلئے قربانیاں دی ہیں اور یہ سلسلہ تاحال جاری ہے۔ کو ن سا کشمیری ہے جسے اس تحریک کیلئے فوج،فورسز یا پولیس کا عتاب نہیں سہنا پڑا۔ ہمارے ہر محلے ہر گائوں میں شہدا کے مزار،یتیموں اور بیوائوں کی بڑی تعداد اور متاثرہ خاندان موجود ہیں۔ حق یہ ہے کہ آج تک ظاہری طور پرکچھ حاصل نہ کرنے کے باوجود قربانیوں کا یہ سلسلہ نہیں تھما ہے۔ جموں کشمیر کی سیاسی صورت حال پر بات کرتے ہوئے ملک نے کہا کہ جموں کشمیر کے لوگ ایک مثالی پرامن تحریک آزادی چلارہے ہیں۔ خاص طور پر اس قوم نے 2008کے بعد سے ایک انقلابی تبدیلی لاتے ہوئے تشدد سے عدم تشدد کا سفر شروع کیا ہے لیکن جب اس قوم نے عالمی برادری کے مشوروں کی قدر کرتے ہوئے پرامن جدوجہد کی جانب سفر شروع کیا تو اِسی عالمی برادری نے بھارت کیساتھ اپنے تجارتی تعلقات اور سٹرٹیجک پارٹنر شپ کیلئے سارے جمہوری اصول بالائے طاق رکھتے ہوئے کشمیریوں کے تئیں سردمہری کا مظاہرہ شروع کیا اور ا ب انکا کوئی پوسٹل ایڈریس بھی نہیں مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب بھی موقع ہے کہ بھارت اور عالمی برادری جموں کشمیر میں جاری پرامن تحریک کو پشت بہ دیوار کرنے کا یہ سلسلہ بندکریں نیزاِس سلسلے میں اپنی مجرمانہ خاموشی اور سب کچھ ٹھیک ٹھاک ہے کا جاہلانہ رویہ ترک کرکے جموں کشمیر کے مسئلے کو کشمیریوں کی مرضی اور عملی شرکت کے ساتھ ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی سعی کریں۔کشمیر میں جاری جبر و تشدد خاص طور پر گول رام بن میںہونے والے قتل عام اور اس کے خلاف احتجاج کرنے والے ہزاروں معصوم جوانوں اور بچوں پر پولیس اور فورسز کے عتاب،انہیں گرفتار کرنے، انہیں اذیتیں دینے ،ان کے اہل خانہ سے رہائی کے عوض تاوان وصولنے وغیرہ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نام نہاد حکمرانوں اور انکی انتطامیہ کو معلوم ہونا چاہئے کہ تشدد سے سوائے تشدد کے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ ماضی میں بھی حکمرانوں نے پرامن جدوجہد میں مصروف جوانوں کی آواز دبانے کیلئے انہیں پابند سلاسل کرنے اور اذیتیں دینے کا جرم کیا اور یوں انہیں سخت گیر تشدد کی جانب دھکیلا گیااور آج بھی یہی مجرمانہ رویہ دہرا کر نئی نسل کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کا سلسلہ جاری ہے جو ہر لحاظ سے قابل مذمت ہے۔ ملک نے نام نہاد حکمرانوں اور انکی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ فی الفور اس سرکاری تشدد کا سلسلہ بند کردیں اور گرفتار جوانوں پر عذاب و عتاب کے اس مذموم سلسلے کو بند کردیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تحریک آزادی کشمیر فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہونے جارہی ہے،حزب المجاہدین
مظفر آباد(پی پی سی) مقبوضہ کشمیر کی عسکری تنظیم حزب المجاہدین نے کہا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر ایک فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہونے جارہی ہے،خطے کی صورتحال میں لازما مستقبل قریب میںانقلابی تبدیلیاں آنیوالی ہیں،ان تبدیلیوں کے اثرات تحریک آزادی کشمیر پر مثبت ہونگے۔ جموں و کشمیر پولیس کی جانب سے سید صلاح الدین پرغیر مسلح پنچوں پر قاتلانہ حملے کرنے کے احکامات دینے کے الزامات کوانتہائی گھٹیااور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے حزب المجاہدین ترجمان نے واضح کیا کہ سید صلاح الدین نہتے انسانوں کے قتل کو کفر سمجھتے ہیں۔حزب ترجمان سلیم ہاشمی کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان کے مطابق ایسے الزامات کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ ترجمان نے کہا کہ سید صلاح الدین پر ایسے الزامات عائد کرکے ریاستی پولیس میں شامل کالی بھیڑیاںیہ بھول رہی ہیں کہ سید صلاح الدین ریاست کے ایک معتبر دینی و روحانی رہنما کیساتھ ساتھ ایک ایسے عسکری رہنما ہیں جو مزاحمت بھی قرآن و سنت کے تابع چلارہے ہیں اور کشمیری عوام اس سے پوری طرح واقف ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ نہتے انسانوں کے قتل کو کفر سمجھتے ہیں ۔حزب ترجمان سلیم ہاشمی نے کہا کہ پنچایت ممبران کے حوالے سے سید صلاح الدین کا واضح اور دوٹوک موقف ہے اور بارہا انہوں نے اپنے اس موقف کا اظہار بھی کیا ہے کہ ان پنچایت ممبران کو بھارت نواز تنظیمیں اپنے سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کررہے ہیں،اس لئے وہ کسی بھی فرد یا گروہ کا نشانہ بن سکتے ہیںاور یہ بھی ممکن ہے کہ بھارتی انٹیلی جنس ادارے بھی ان کو نشانہ بناکر الزام مجاہدین کے سر تھوپ سکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ فورسز اور ریاست پولیس کا اس ساری صورتحال کاسید صلاح الدین کو ذمہ دار ٹھہرانا دراصل اسی سوچ کا حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاستی پولیس کے ذمہ داروں کو طاقت کے نشے میں یہ بھولنا نہیں چاہئے کہ طاقت اور غرور کا نشہ دیر پا نہیں۔انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر ایک فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہونے جارہی ہے،خطے کی صورتحال میں لازما مستقبل قریب میںانقلابی تبدیلیاں آنے والی ہیں اور ان تبدیلیوں کے اثرات تحریک آزادی کشمیر پر مثبت ہونگے۔انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کو کمزور اور بیخ کنی کرنیوالوں کو ایک انصاف کے کٹہرے میں کھڑا ہونا پڑے گااوربہتر ہے کہ ریاستی پولیس اس دن کے اثرات سے محفوظ رہنے کی تدبیر آج سے ہی سوچے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیر اعظم آزادکشمیر نے جھوٹ بولنے کی قسم کھارکھی ہے ،ہمایوں زمان مرزا
میرپور (پی پی سی) پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے سینئر راہنما ہمایوں زمان مرزا نے کہاہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی میرا گھر ہے بھٹو شہید اور بی بی شہید ہمارے لیے روحانی ماں باپ کا درجہ رکھتے ہیں پارٹی کارکنوں کی عزت نفس اور حقوق کی بازیابی کیلئے آمر وقت سمیت ہر کسی سے جنگ لڑوں گا پارٹی کے بانی کارکنوں اور پارٹی کیلئے اپنا خون جگر دینے والوں کو کوئی بھی پارٹی سے نہیں نکال سکتا ۔آزادکشمیرمیں پیپلزپارٹی کے جیالوں نے اپنے قائدین پیرعلی جان شاہ ، غازی ملت سردار محمد ابراہیم ،ممتاز حسین راٹھور ،صاحبزادہ اسحاق ظفر ،بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی قیادت میں پارٹی کے ترنگے جھنڈے کو سربلند رکھا لیکن موجودہ پارٹی صدر جو خود کو مجاور کہلواتے ہیں ان کے دور میں پارٹی کارکنوں کا بری طرح استحصال کیاگیا اور انہیں خودکشیاں کرنے پر مجبور کردیاگیا لیکن ہم چپ نہیں بیٹھیں گے ہم اس ظلم وزیادتی کے خلاف ہر فورم پر احتجاج جاری رکھیں گے ۔ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے سینئر راہنما ہمایوں زمان مرزا نے پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے مرکزی راہنما سابق وزیر اعظم بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے اعزاز میں مقامی میرج ہال میں منعقدہ ایک بہت بڑے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ افطار ڈنر سے سابق ممبر کشمیر کونسل حمید پوٹھی، سابق چیئرمین ایم ڈے اے چوھری محمد صدیق
ایڈووکیٹ، سابق میر آف سٹی چودھری محمد منشاء PYOکے سینئر وائس چیئرمین عبدالشکور بٹ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ہمایوں زمان مرزا نے کہا کہ وزیر اعظم آزادکشمیر نے جھوٹ بولنے کی قسم کھارکھی ہے پارٹی کے بانی ارکان کے ساتھ بھی جھوٹ بولا جاتاہے اور انہیں مختلف حیلوں بہانوں سے لولی پاپ دیاجارہاہے جبکہ اس وقت پارٹی کارکنوں کی اکثریت موجودہ وزیر اعظم کے رویے سے نالاں ہے اور وہ کسی بھی تبدیلی کیلئے شدت سے انتظار کررہے ہیں ہم سابق وزیر اعظم جناب بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے کارکنوں کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے عدم اعتماد کی تحریک پیش کی اور وزیر اعظم کی کرپشن کو بے نقاب کیا ۔ہمایوں زمان مرزا کا مزید کہناتھا کہ ہم بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں اوران کے تمام فیصلوں کی حمایت وتائید کا اعلان کرتے ہیں پارٹی کی ہائی کمان کے حکم پر عدم اعتماد کی تحریک کو واپس لے کر انہوں نے پارٹی کے ساتھ اپنی وفاداری ثابت کردی ہے پیپلزپارٹی کے کارکنان اس وقت بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے ساتھ ہیں ہم پارٹی صدرووزیر اعظم کے جانب سے پارٹی کے جیالوں کو برطر ف کرنے کے فیصلے کی مذمت کرتے ہیں اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور آزادکشمیر امور کی ا نچارج فریال تالپور سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ آزادکشمیر کے وزیرا عظم کے ان جلاد ی اقدامات کا نوٹس لیں اور آزادکشمیر میں وزیر اعظم کو تبدیل کریں ۔ہمایوں زمان مرزا کی اس جذباتی تقریر پر ہال تالیوں سے گونج اُٹھا اور کارکنوں نے کھڑے ہوکر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے حق میں زبردست نعرے بازی کی اور ہمایوں زمان مرزا کو پارٹی اور بھٹو شہید ،بی بی شہید کا حقیقی جیالا قراردیا ۔