بارشیں اور سیلاب : بلوچستان میں 7 افراد جاں بحق ، صوبائی سیکریٹری اطلاعات

Qamar Masood

Qamar Masood

کوئٹہ (جیوڈیسک) صوبائی سیکریٹری اطلاعات قمر مسعود کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں بارشوں اور سیلاب سے 7 افراد جاں بحق ہو گئے، سیلاب کی صورتِ حال کنٹرول میں ہے مگر فوج کو الرٹ کرنے کی درخواست کی ہے، ضرورت پڑی تو خدمات لیں گے۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے عطااللہ مینگل کے ہمراہ پریس بریفنگ کے دوران کہی۔ سیکریٹری اطلاعات بلوچستان قمر مسعود کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں سیلاب کی صورتحال کنڑول میں ہے، سیلاب سے تباہ حال علاقوں میں ریلیف کا کام شروع کردیا گیا ہے۔

صوبے میں اب تک مجموعی طور پر سیلاب کے باعث 7 اموات ہوئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جھل مگسی میں پانی کی سطح کم ہورہی ہے، وہاں صورتحال اب خطرے سے باہر ہے، جھل مگسی میں 2500 خاندانوں کیلئے راشن کا سامان بھیجا جا چکا ہے جبکہ دیگر علاقوں میں بھی ریلیف کا کام جاری ہے۔ سیکریٹری اطلاعات کا کہنا تھا کہ صوبے میں کِسی بھی ہنگامی صورتِحال سے نمٹنے کیلئے فوج کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے، اگر ضرورت پڑی تو ان کی خدمات فورا حاصل کریں گے۔