الیکشن کمیشن نے22 اگست کے ضمنی انتخابات کی مہم کے دوران ضابطہ اخلاق پرسختی سے عملدرآمد کیلئے ڈسٹرکٹ اور ریٹرنگ افسران کو ہدایات جاری کردی ہیں۔ 19اگست کی رات تک جاری رہنے والی انتخابی مہم کے دوران صدر، وزیر اعظم، گورنرز، وزرائے اعلی، وفاقی وصوبائی وزرا کسی امیدوار کے انتخابی جلسے یاریلی سے خطاب نہیں کرسکیں گے۔
قومی اسمبلی کے 16 اورصوبائی اسمبلیوں کے 26 حلقوں پر ہونے والی ضمنی انتخابات میں وفاقی اورچاروں صوبائی حکومتوں کی جانب سے کسی ترقیاتی منصوبے کااعلان یاکسی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے پر پابندی ہوگی۔ کسی امیدوار کے جلسے میں حکومت کی جانب سے ترقیاتی اسکیموں کے اعلان پرپابند ی ہوگی۔ ضمنی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کیلئے سرکاری وسائل استعمال کرنے پرپابندی ہے۔
کوئی حکومت کسی مخصوص امیدوار کیلیے خصوصی انتظامات نہیں کرسکے گی، ضابطہ اخلاق پرسختی سے عملدرآمد کیا جائیگا، عام انتخابات کی طرح امیدوارکی جانب سے انتخابی مہم کے دوران اخراجات کی حدسے زائد اخراجات کا نوٹس لیا جائے گا، کوئی بھی امیدوار ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوا تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی، اس کی سزا نااہلی بھی ہوسکتی ہے، جھنڈے، بینرز اور ہوڈنگز کے استعمال کے حوالے سے قانون پرسختی سے عملدر آمد کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔