لاہور (جیوڈیسک) پاکستان رینجرز، پنجاب پولیس اور جیل پولیس نے مشترکہ طور پر پنجاب کی جیلوں کا سیکورٹی سروے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈی جی پنجاب رینجرز اور آئی جی جیل خانہ جات نے صوبہ بھر کی جیلوں کی سیکورٹی کو غیر معمولی بنانے کے لئے باہمی تعاون کا فیصلہ کیا ہے۔
رینجرز ہیڈ کوارٹرز میں ڈی جی پنجاب رینجرز میجر جنرل میاں محمد ہلال حسین اور آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر کے درمیان ہونے والی ملاقات میں جیلوں کی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب کی حساس جیلوں سمیت جہاں جہاں ضرورت محسوس ہوگی رینجرز تعینات کئے جائیں گے۔
جیلوں کی سیکیورٹی ضروریات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ یہ بھی طے کیا گیا کہ جیلوں میں رینجرز کی تعیناتی کے ساتھ ساتھ جیل پولیس کی رینجرز سے ٹریننگ کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ آئی جی جیل خانہ جات نے بتایا کہ پنجاب کی جیلوں کو دھمکیاں ملنے کے بعد ان اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ڈیرہ اسماعیل خان جیل پر حملے کے بعد پنجاب کی جیلوں کی سیکورٹی نہ صرف سخت کی جا رہی ہے بلکہ رینجرز، پنجاب پولیس اور جیل پولیس کے درمیان ٹھوس کوارڈینیشن بھی قائم کی جائے گی۔