کراچی : نواحی علاقوں کے سیلابی ریلے نے تباہی مچادی

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کے نواحی علاقوں سےآنے والے سیلابی ریلے نے شہر میں تباہی مچا دی، گڈاپ میں کیسر بند ٹوٹنے سے سعدی ٹان اور امروہہ سوسائٹی کے علاقے ڈوب گئے۔ شہر قائد میں رہنے والے کے وہم و گمان میں بھی نہ ہوگا کہ سیلاب انکے دروازوں پر بھی دستک دے سکتا ہے۔ نہ شہر کے قریب دریا نہ ڈیم پھر پانی کیسے آیا۔

کراچی نواحی علاقے گڈاپ اور کاٹھور میں موجود پہاڑوں پر طوفانی بارش ہوئی بارش کے پانی نے سیلابی ریلے کی شکل اختیار کر لی اور کیسر بند کو توڑتا ہوا مختلف دیہات میں گھس گیا۔ ریلے نے بابو پاتانی، علی محمد گبول گوٹھ، کیسر سیہانی اور فقیر محمد گوٹھ میں تباہی مچائی اور لوگ نقل مکانی پر مجبور ہوئے۔

گڈاپ کے مختلف دیہاتوں سے ہوتا یہ ریلا سپر ہائی وے پہنچا اور وہاں بھی تباہی مچا دی۔ متعدد کنٹینرز سیلابی پانی میں بہہ گئے۔ سیلابی پانی سپر ہائی وے سے ہوتا سعدی ٹان میں داخل ہو گیا۔ سیلابی ریلہ سعدی ٹان سے امروہہ سوسائٹی میں جاگھسا اور گھروں کو ڈبوتا ہوا گلستان جوہر صفورا چورنگی کی جانب بڑھا۔

لوگوں کی حیرانی اور پریشانی میں اضافہ کرتا ہوا یہ پانی داخل ہوا بھٹائی آباد میں اور اسکے بعد ایئرہورٹ رن وے تک جا پہنچا۔ ائیرپورٹ نالے سے سیلابی ریلے کا رخ شاہراہ فیصل اور شاہ فیصل ندی کی جانب ہوگیا۔ کاٹھور سے چلنے والا سیلابی ریلا شاہ فیصل ندی سے اب کورنگی ندی کے ذریعے بحرعرب کی جانب رواں دواں ہے۔