فیصل آباد (جیوڈیسک) فیصل آباد میں آج پھر چوروں کی شامت آ گئی، شہریوں نے موبائل فون چوری کرنے کے الزام میں دو مبینہ چوروں کو پکڑ کر خوب ٹھکائی کی، مرغا بنایا، بچوں کو سواری کرائی پھر پولیس کے حوالے کر دیا۔ فیصل آباد کے علاقہ اسلام نگر کے شہریوں نے دونوں چوروں کو موبائل فون چوری کرنے کے الزام میں پکڑ کر پہلے تو تشدد کا نشانہ بنایا۔
پھر ان کی غلطی کی سزا دینے اور سبق سکھانے کیلئے انہیں مرغا بنا دیا اور پھر چکر لگوانے کے ساتھ بچوں کو ان پر سواری بھی کروائی جبکہ مبینہ چوروں کے گلوں میں رسی باندھ کر بھی چلایا گیا۔ بعد میں پولیس نے انہیں تحویل میں لے کر تھانے منتقل کر دیا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ دونوں چوروں نے پہلے بھی موبائل فون اور نقدی چوری کی اور آج رنگے ہاتھوں پکڑے گئے۔