ظلم و جبر ، ناانصافی اور استحصال کا خاتمہ ہی پُرامن اور خوشحال پاکستان کی تشکیل کا باعث ہے،روحیل اکبر
Posted on August 5, 2013 By Geo Urdu سٹی نیوز
تحریک تحفظ پاکستان کے مرکزی رہنماء روحیل اکبر نے کہا ہے کہ ظلم و جبر، ناانصافی اور استحصال کا خاتمہ ہی پُرامن اور خوشحال پاکستان کی تشکیل کا باعث ہے انسانی حقوق کے عالمی منشور کے مطابق تعلیم ہر فرد کا بنیادی حق ہے اور مفت تعلیم و صحت، رہائش، خوراک، روزگار کے مواقع، فنی و پیشہ ورانہ تعلیم، سمیت ضروری معاشرتی مراعات جیسی بنیادی ضروریات کی عوام کو فراہمی حکومت وقت کی ذمہ داری ہوتی ہے۔
لیکن پاکستان میں عوام کو ان میں سے ایک بھی سہولت حکومتی سطح پر میسر نہ ہونا ظلم وزیادتی کے مترادف ہے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا بنیادی انسانی حقوق کی حفاظت کرنے سے ہی ایک ماڈل معاشرہ تشکیل دیا جاسکتا ہے ہمارے معاشرتی مسائل میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے۔
لیکن حکومتیں اور انسانی حقوق کی تنظیمیں معاشرے سے ظلم و جبر اور ناانصافی کا خاتمہ کرنے میں ناکام رہی ہیں اور عام آدمی کا استحصال بڑھتا جارہا ہے اس ضمن میں این جی اوز اور سول سوسائٹی کو اہم کردار ادا کرتے ہوئے حقیقت پسندانہ موقف اختیار کرکے انسانی حقوق سے متعلق شعور اور آگہی پیدا کرنے کی اپنی سی کوشش کرنی چاہیے۔
مثبت رویوں کی نشونما، عزت، احترام، انصاف اور مساوات پر مبنی رویے کی تشکیل، معاشی تنگدستی اور ذہنی پسماندگی کے خاتمے، تعلیمی و رہائشی سہولیات کی فراہمی اور عزتِ نفس کی بحالی کیلئے اخلاقی و ضروری اقدامات ہی ہماری تعلیمی، تہذیبی
معاشی اور معاشرتی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔