لاہور (جیوڈیسک) پاکستان میں سڑکوں پر بیشتر حادثات کا سبب کم عمر ڈرائیورز ہوتے ہیں۔ لاہور میں کینال روڈ پر15 سالہ کار ڈرائیور نے موٹر سائیکل سوار باپ بیٹی کو ٹکر مار کر اسپتال پہنچا دیا جبکہ خود زخمی حالت میں تھانے جا پہنچا۔کریم پارک کا رہائشی 15 سالہ اویس والدہ اور دادی کے ہمراہ کار پر وفاقی کالونی کے قریب جا رہا تھا، تیز رفتاری کے باعث کار بے قابو ہو کرموٹر سائیکل سے جا ٹکرائی، حادثے کے بعد کار گرین بیلٹ میں جاگری، موٹر سائیکل سوار 27 سالہ نامعلوم شخص اور اس کی 4 سالہ بیٹی کو جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
جہاں وہ بیہوشی کی حالت میں ہیں، عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ کار ڈرائیور موج مستی کر رہا تھا۔ پولیس نو عمر ڈرائیور کو تھانا جوہر ٹاون لے آئی، تاہم ابھی مقدمہ درج نہیں کیا۔ سہمے ہوئے اویس نے بتایا کہ فالج کے مرض میں مبتلا اس کا والد قریبی اسپتال میں زیرِ علاج ہے۔ وہ ذہنی طور پر پریشان تھا۔ نو عمر ڈرائیورز اپنی جان کو تو خطرے میں ڈالتے ہی ہیں، دوسروں کیلئے بھی خطرہ بنے رہتے ہیں،عینی شاہدین نے ان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔