کراچی: سائیٹ میں واقع گودام میں آتشزدگی پر 13 گھنٹے بعد قابو پالیا گیا

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے سائیٹ ایریا میں واقع گودام میں لگنے والی آگ پر تیرہ گھنٹوں بعد قابو پالیا گیا۔ فائر بریگیڈ حکام کے مطابق سائیٹ ایریا میں واقع گودام میں اتوار کی دوپہر بارہ بجے آگ لگی۔ گودام میں مختلف اقسام کے کمیکلز آئل، ڈیزل اور بڑی مقدار میں ٹائر موجود تھے۔ جس کے باعث آگ مزید پھیل گئی۔ جس کو تیسرے درجے کی آگ قرار دیا گیا۔

شہر بھر سے فائربریگیڈکی گاڑیاں طلب کی گئیں۔ فائر بریگیڈ کی سو سے زائد گاڑیوں نے تیرہ گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ فائر بریگیڈ حکام کے مطابق کیمکیلز اور آئل کے باعث آگ پر قابو پانے میں دقت ہوئی تاہم آگ لگنے کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکیں جبکہ آگ لگنے سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔