قاہرہ میں مزید دھرنوں کی اجازت نہیں دینگے : عدلی منصور

Cairo

Cairo

قاہرہ (جیوڈیسک) مصر کے عبوری صدر جسٹس عدلی منصور نے کہا ہے کہ ان کی حکومت قاہرہ میں احتجاجی دھرنوں کو پرامن طور پر ختم کرانے کے لئے تمام ممکنہ ذرائع استعمال کر رہی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ان خیالات کا اظہار عدلی منصور نے مصر کے نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نیشنل ڈیفنس کونسل کے تمام ارکان نے دھرنوں کو منتشر کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

حکومت نے اگر فیصلہ کر لیا تو اس پر مناسب وقت عملدرآمد کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قانون کی آڑ لے کر جرم کرنے والے کو عدالت کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ عدالت کا حکم بلا تفریق نافذ کیا جائے گا۔ عبوری صدر نے عوام سے وعدہ کیا کہ ملک کے بڑے حصے میں امن و امان رہے گا۔

ہم اپنے نیک عوام کی مدد سے ملک کو درپیش بحران کا خاتمہ کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ ہم ماضی کی طرف پیچھے لوٹ کر نہیں جائیں گے۔ حکومت کے لئے یہ ممکن نہیں کہ وہ مصر کو بحرانوں کی نذر ہوتا دیکھ کر ہاتھ پر ہاتھ رکھے بیٹھے رہیں۔ جسٹس منصور عدلی نے اس بات کی ضرورت پر زور دیا کہ مصر کے داخلی معاملات میں بیرونی ڈکٹیشن قبول نہیں کی جائے گی۔ ہم اپنے فیصلے خود کریں گے۔ ہم پر کسی قسم کا دبا نہیں ہے۔