اسلام آباد (جیوڈیسک) وزارت داخلہ نے عیدالفطر کے موقع پر موبائل فون سروس بند نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر داخلہ نے اسلام آباد میں قائم غیر ضروری چیک پوسٹیں ختم کرنے کی ہدایت بھی کر دی۔ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں عید کے موقع پر سیکورٹی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں تمام صوبوں کے آئی جیز اور پولیس کے اعلی حکام نے شرکت کی۔ وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ عید کے روز سیکورٹی کے نام پر موبائل فون سروس معطل نہ کی جائے۔ متعلقہ ادارے متبادل ذرائع استعمال کرکے سیکورٹی یقینی بنائیں۔ چوہدری نثار علی خان نے اسلام آباد میں مختلف مقامات پر قائم چیک پوسٹیں ختم کرنے کی ہدایت بھی کی۔