ڈیرہ اسماعیل خان (جیوڈیسک) جیل پر حملہ کرنے والے دہشت گرد گروہ کا اہم کمانڈر زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، دوران تفتیش ملزم نے جیل پرحملے کے حوالے سے اہم انکشافات کئے ہیں۔ دہشت گردوں کے ساتھی احمد مجاہد عرف فقیر بابا کو ابتدائی طورپر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ھسپتال ڈیرہ اسماعیل خان لایا گیا۔ ملزم نے ھسپتال والوں کو بتایا کہ وہ کوٹ ادو کا رہائشی ہے اور اتفاقی گولی کا شکار ہوا ہے۔
شک ہونے پر پولیس نے اسے سی ایم ایچ ھسپتال منتقل کے پوچھ گچھ کی۔ دوران تفتیش ملزم نے اعتراف کرلیا کہ وہ جیل پر حملہ کرنے والے لشکر میں شریک تھا۔ اس نے بتایا کہ جیل پر حملے کی منصوبہ بندی دس جولائی کو جنوبی وزیرستان کے علاقے توئی خلہ میں کی گئی۔
حملہ آور تحصیل کلاچی کے علاقے لونی کے راستے ڈیرہ اسماعیل خان پہنچے۔ جیل پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کی تعداد ساٹھ تھی۔ ملزم پنجابی طالبان کا اہم کمانڈر ہے اور اس کا تعلق جنوبی پنجاب سے ہے۔