اضلاع کی خبریں 05.08.2013

مسلمان حقیقی کامیابی کیلئے قرآن اور صاحب قرآن کیساتھ رشتہ مضبوط کریں:مولانا محمد اکبر نقشبندی
گوجرانوالہ(جی پی آئی)صوبائی سیکرٹری اطلاعات مرکزی جمعیت علماء پاکستان الحاج مولانا محمد اکبر نقشبندی نے کہا ہے کہ مسلمان حقیقی کامیابی کیلئے قرآن اور صاحب قرآن کیساتھ رشتہ مضبوط کریں۔ عظمت قرآن پاک تاقیامت قائم رہے گی اور عظمت صاحب قران زندہ و پائندہ رہے گی۔ صاحب قرآن سے نسبت قائم کیے بغیر قران سے ہدایت و رہنمائی نہیں دے سکتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد گلزار مدینہ میں سنی اتحاد کونسل کے زیر اہتمام منعقدہ عظمت قرآن اور صاحب قرآن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صاحبزادہ پیر محمد دائود رضوی، الحاج سرفراز احمد تارڑ، مفتی محمد حسین صدیقی، مفتی غلام نبی جماعتی، قاری غلام سرور حیدری، صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی، مفتی محمد سعید رضوی، مولانا حافظ محمد رفیق قادری، مولانا خالد حسن مجددی، قاری محمد اعظم چشتی، مولانا محمد عارف چشتی اور دیگر نے خطاب کیا۔ مولانا محمد اکبر نقشبندی نے کہاکہ صدقہ فطرانہ ادا کرنے سے روزے کا اجراء بڑھ جاتا ہے۔ روزہ دار اﷲ تعالیٰ کی رضا اور غریبوں کی خوشی کیلئے فوری طور پر صدقہ فطرانہ ادا کریں۔ انہوںنے کہا کہ مرکزی چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے کارکنان کو بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں شروع کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ حکومت اور مخیر حضرات متاثرین سیلاب کی ہرممکن مدد کریں۔ مصیبت کی گھڑی میں بے سہارا لوگوں کی خدمت خوشنودی خدا کا ذریعہ ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حکومتی اقدامات کے باعث بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ کم ہوا ہے’خواجہ غیور طارق نائیک
گوجرانوالہ(جی پی آئی)مسلم لیگ(ن)سٹی کے سینئر نائب صدر خواجہ غیور طارق نائیک نے کہا ہے کہ حکومت نے دو ماہ کے عرصہ میں امریکہ کیساتھ ڈرون حملوں پر بھرپور احتجاج کیا ہے جس کے نتیجے میں نہ صرف ڈرون حملوں میں کمی واقع ہوئی ہے بلکہ امریکی حکام انہیں مستقل روکنے پربھی سوچ بچار کرنے کی طرف مائل ہو گئے ہیں ہماری حکومت دن رات محنت کرکے پاکستان کو اندرونی اور بیرونی خطرات سے نکال کر ایشیاء کا قابل ستائش ملک بنا دیگی۔انہوں نے کہاکہ حکومت بیک وقت اندرونی اور بیرونی مسائل ورثے میں ملے ہیں جن کے حل کیلئے مناسب وقت درکار ہے حکومتی اقدامات کے باعث بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ کم ہوا ہے اور گیس بجلی کے شعبے میں بڑے چوروں کیخلاف کار وائی کرکے قومی خزانے کو پہنچنے والے بھاری نقصان کی روک تھام کی جارہی ہے انہوں نے مزید کہا کہ (ن)لیگ جب سے برسراقتدار آئی ہے میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف پوری قومی اور صوبائی کابینہ عوامی مسائل کے حل کیلئے دن رات کوشاں ہیں سرکاری اداروں میں مو جو د کالی بھیڑوں کا کھوج لگا کر ان سے لوٹا ہوا سرکاری مال واپس لیا جائیگا اور ان کی جگہ اعلی تعلیم یافتہ نوجوانوں کو بھرتی کرکے کرپٹ کلچر کا خاتمہ کیا جائیگا۔افطار ڈنر میں علاقہ بھر کی اہم سیاسی’سماجی’کاروباری’ صحافتی اورمذہبی شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پاکستانی عوام نے میاں نواز شریف کو منتخب کر کے پوری دنیا میں ملکی اعتماد بحال کیا لوڈشیڈنگ اور کرپشن دو بڑے چیلنج ہیں جن کو بخوبی پورا کریں گے
گوجرانوالہ (جی پی آئی) پاکستانی عوام نے میاں نواز شریف کو منتخب کر کے پوری دنیا میں ملکی اعتماد بحال کیا لوڈشیڈنگ اور کرپشن دو بڑے چیلنج ہیں جن کو بخوبی پورا کریں گے ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر مملکت ہاوسنگ اینڈ ورکس بیرسٹر عثمان ابراہیم نے دوسرے سالانہ آل پنجاب مقابلہ حسن نعت کے گرنیڈ فائنل سے خطاب کرتے ہوئے کیا گوجرانوالہ کے مقامی ایف ایم ریڈیو 106 FM کے زہر اہتمام مقابلہ حسن نعت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مملکت بیرسٹر عثمان ابراہیم نے کہا ہے کہ لوڈشیڈنگ کے عذاب نے ملکی معیشت مفلوج کرکے رکھ دی ہے جس پر میاں نواز شریف سوچ سمجھ کر قدم اٹھا رہے ہیں تاکہ جلد از جلد پاکستان سے اس عذاب کو ختم کیا جاسکے بیرسٹر عثمان ابراہیم نے کہا ہے کہ ایف ایم ریڈیو کا مقابلہ حسن نعت قابل تحسین اقدام ہے جو نوجوان نسل کو حضورۖ کی محبت کی طرف راغب کرنے کی ایک عمدہ کوشش ہے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آواز گروپ آف ریڈیوکے چیئرمین مرزا محمد نعیم نے کہا ہے کہ اس جدت اور مغربیت کے دور میں حضوراکرمۖ کی ذات کی اہمیت اور نعت رسول مقبول ۖ کی فضیلت سے نوجوان نسل کو باور کروانے کے لئے آل پنجاب حسن نعت کا انقعاد کیا جاتا ہے مرزا محمد نعیم نے مزید کہا کہ مذہبی پروگرامز کا انقعاد کروانا صحرا میں نرم ونازک پودا لگا نے کے مترادف ہے اور اس کو سر سبز شاداب رکھنا اس سے بھی مشکل ہے لیکن ہم اس امتحان سے بخوبی عہدہ برا ہو رہے ہیں تقریب میں علامہ محمد اقبال اوپن یونیورسٹی گوجرانوالہ کیمپس کے ریجنل ڈریکٹر ڈاکٹر محمد انیس نے خصوصی شرکت کی امام تراویح بادشاہی مسجد قاری محمد وسیم نے تلاوت کی جبکہ مقابلہ حسن نعت میں ججز کے فرائض پنجاب اسمبلی کے نعت خوان عبدالرئوف قادری، ڈاکٹر اقبال شازلی اور عمران شاکر نے ادا کئے مقابلہ سید نورالحسن نے پہلی پوزیشن فریحہ نواز نے دوسری جبکہ حافظ محمد مزمل حسین نے تیسری پوزیشن حاصل کی تقریب میں مردو خواتین نے بھاری تعداد میں شرکت کی مہمان خصوصی وفاقی وزیر مملکت بیرسٹر عثمان ابراہیم نے مقابلہ حسن نعت میں پوزیشن لینے والے بچوں میں انعامات تقسیم کئے تقریب کے آخر میں آرگنائزنگ ٹیم ملک محمد عرفان ،تسنیم چیمہ، نعیم کھوکھر، مشرف نذیر اور رانا محمد مزمل نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ایم پی اے پیر غلام فرید نے کہا ہے کہ نزول قرآن کی شب قیام پاکستان اس بات کی دلیل ہے
گوجرانوالہ (جی پی آئی) ایم پی اے پیر غلام فرید نے کہا ہے کہ نزول قرآن کی شب قیام پاکستان اس بات کی دلیل ہے کہ وطن عزیز برصغیر کے مسلمانوں کیلئے پروردگار عالم کی طرف سے تحفہ ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے دی گریٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام مستحق افراد میں رمضان پیکیج تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی خوشیوں میں ہمیشہ مستحق لوگوں کو ضرور شریک کرنا چاہیے کیونکہ خوشیاں باٹنے سے بڑھتی ہیں اور دوسروں میں آسیانیاں باٹنے سے آسانیاں ملتی ہے، مسلم لیگ (ن) کے پرانے ساتھی اور ان کی فیملی ہماری فیملی ہے ہم ایک گھر کی طرح ہے، مسلم لیگ (ن) اپنے غریب کارکنوں کے دکھ و سکھ میں برابر کی شریک ہے۔ اس موقع پر سرپرست اعلیٰ حاجی اقبال، صدر محمد سلیم قادری، جنرل سیکرٹری عبداﷲ دھاڑیوال، ڈاکٹر رفاقت، رانا لیاقت، شیخ الیاس، زاہد کھوکھر، محمد خالد، عدنان ساجد و دیگر نے بھی خطاب کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پیپلزپارٹی کے سابق رکن صوبائی اسمبلی میاں محمد ارقم خاں نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے عوام زندہ درگور ہو گئے ہیں
گوجرانوالہ (جی پی آئی) پیپلزپارٹی کے سابق رکن صوبائی اسمبلی میاں محمد ارقم خاں نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے عوام زندہ درگور ہو گئے ہیں، مزدور، نادار اور محنت کش طبقہ مہنگائی کی چکی میں پس رہا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ڈیرہ پر مستحقین میں عید گفٹ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ حکمران ماہ رمضان میں عوام کو ریلیف دینے کی بجائے پٹرولیم مصنوعات اور بجلی مہنگی کرنے میں مصروف ہیں عوام سے عید کی خوشیاں چھینی جا رہی ہیں، انتخابی مہم کے دوران کئے گئے وعدوں سے انحراف کیا جا رہا ہے ، میاں ارقم خاں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ نچلی سطح کی عوام کو مدِ نظر رکھتے ہوئے پالیسیاں تشکیل دیں جبکہ صنعتکار حکمران اشرافیہ کو ریلیف فراہم کر رہے ہیں، پیپلزپارٹی غریب مکائو پالیسیوں کی مذمت کرتی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جماعت اسلامی کے راہنما چودھری شاہد منیر گوندل نے کہا ہے کہ رمضان کی سب سے بڑی فضیلت یہ ہے کہ اس ماہ مبارک میں خالق کائنات کا پاک کلام نازل ہوا
گوجرانوالہ (جی پی آئی) جماعت اسلامی کے راہنما چودھری شاہد منیر گوندل نے کہا ہے کہ رمضان کی سب سے بڑی فضیلت یہ ہے کہ اس ماہ مبارک میں خالق کائنات کا پاک کلام نازل ہوا، قرآن مجید سے دوری کی وجہ سے آج ہم انفرادی و اجتماعی طور پر گوناگوں مشکلات اور آزمائشوں کا شکار ہیں’ قرآن عمل کی کتا ب ہے ‘اس کے ثمرات سے ہم تب ہی فیضیاب ہو سکیں گے جب اسکے نظام کو اس روئے زمین پر نافذ کردیں۔ وہ گرجاکھ میں منعقدہ افطار پارٹی سے خطاب کر رہے تھے، انہوں نے کہا کہ قرآن مجیدسے روگردانی اوراسوہ رسولۖ سے بے بہرہ ہونے کی وجہ سے آج ہم پر آزمائشیں نازل ہو رہی ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بجلی کے بعد گیس کی قیمتیں بڑھانے کا اعلان انڈسٹریز تباہ کرنے کے مترادف ہے،نصراللہ مغل
لاہور(جی پی آئی)چیئرمین لاہور ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن نصراللہ مغل نے وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کے بیان پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کے بعد صنعتی مقاصد کیلئے گیس کی قیمتیں بڑھانے کا اعلان انڈسٹریز تباہ کرنے کے مترادف ہے گیس پاکستان کے قدرتی وسائل سے حاصل ہورہی ہے اس لیے اس کا مہنگا کرنے کا کوئی جواز نہ ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے صنعتی اداروں سے 360ارب کا ریونیو اکٹھا کرنے کیلئے انڈسٹریل اور کمرشل بجلی کے نرخوں میں99فیصد اضافہ کا فیصلہ کیا ہے پٹرولیم مصنوعات ، بجلی، گیس مہنگی کرنے سے انڈسٹریز کی پیداواری لاگت بڑھے گی جس کا اثر عوام پر پڑے گا اور روزمرہ کی اشیائے مہنگے داموں فراہم ہونے سے براہ راست عوام متاثر ہوگی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔نصر اللہ مغل نے کہا کہ حکومت ریونیو کے حصول کیلئے انڈسٹریز تباہ کر رہی ہے انڈسٹریل اور کمرشل بجلی نرخوں میں اضافہ سے صنعتی ترقی کا پہیہ رک جائے گا۔سستی بجلی اور گیس کی فراہمی سے ہی انڈسٹری اپنے پائوں پر کھڑی ہوسکتی ہے، مہنگی بجلی اور گیس کے فراہی سے انڈسٹریز بند ہوئیں تو اس کا اثر لازمی طورپر حکومت کے ٹیکس ریونیو پر پڑے گا ،حکومت کو فائدہ کی بجائے الٹا نقصان ہوگا اس لیے حکومت فی الفور بجلی اور گیس مہنگی کرنے کا فیصلہ واپس لے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ق لیگ لیبرونگ کے صدر میاں انور کے انتقا ل پر مسلم لیگی رہنمائوں کا اظہار تعزیت
لاہور (جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ ق کے جنرل سیکرٹری چوہدری ظہیر الدین خاں نے مسلم لیگ ق لیبر ونگ لاہور کے صدر میاں محمد انور کی ناگہانی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تبارک تعالیٰ مرحوم کو اپنی جوار رحمت میں بلند درجہ عطاء فرمائیں اور مرحو م کے لواحقین کو اس صدمہ کو برداشت کرنے کی ہمت عطاء فرمائے ۔ گزشتہ روز ان کی رسم قل ادا کی گئی جس میںراہنمااحمد فرحان خان ،حاجی شکیل، رانا محمد ریاض، شیخ عمر حیات ، میاں کامران سیف ، عثمان شفیق،وسیم رومی سمیت لیبر ونگ کے سینکڑوں کارکنان نے شرکت کی ،مسلم لیگی رہنمائوں میاں عبدالستار، خواجہ طاہر ضیاء سیمل کامران،سجاد بلوچ اور مسلم لیگ ہائوس کے سٹاف نے میاں محمد انور کے انتقال پر گہرے افسوس کا اظہار کیا اور مرحوم کی مسلم لیگ کے لیے خدمات بالخصوص لیبرونگ کی آرگنائزیشن کیلئے حوالے سے ان کی خدمات پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ق لیگ اور تحریک انصاف نے لوکل گورنمنٹ بل کے لیے قائم سپیشل کمیٹی کے ہنگامی اجلاس کا بائیکاٹ کر دیا
لاہور (جی پی آئی)ق لیگ اور تحریک انصاف نے لوکل گورنمنٹ بل کے لیے قائم سپیشل کمیٹی کے ہنگامی اجلاس کا بائیکاٹ کر دیا ،اتفاق رائے سے طے پایا تھا کہ کمیٹی کا اجلاس 13 اگست کوہو گا،قبل ازوقت اجلاس بلانا طے شدہ معاملات کو بلڈوز کرنے کی کوشش ہے ،ق لیگ پنجاب کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر سردار وقاص حسن موکل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اچانک اجلاس بلائے جانے کے باعث پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی کے ممبران اجلاس میں شریک نہیں ہو سکتے،وہ عید اور 27 ویں رمضان المبارک کے باعث اپنے آبائی حلقوں میں جاچکے ہیں ، انہوں نے کہا کہ اپوزیشن مقررہ تاریخ پر ہونے والے اجلاس میں ہی شریک ہوگی ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن : ٹیوشن پر مجبور کرنیوالے پارٹنر سکول کو تمام واجبات واپس کرنے کا حکم
لاہور(جی پی آئی)پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن نے اعلی پبلک سکول برائے طلبہ مظفر گڑھ کو معاہدہ شراکت کی خلاف ورزی کا مرتکب ہونے پر اگست کے واجبات پر 25فی صد جرمانہ عائد کرنے کے علاوہ ٹیوشن فیس کی مد میں طالبعلموں سے وصول کیئے جانیوالے تمام واجبات کی واپسی کا حکم دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق فائونڈیشن ایسسٹڈ سکول پروگرام سے منسلک مذکورہ سکول کے خلاف شکایات موصول ہونے پرپنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کی دو رکنی تحقیقاتی ٹیم نے سکول کا اچانک دورہ کیا۔ دوران معائنہ لوگوں نے انکشاف کیا کہ سکول انتظامیہ نے سکول سے ملحقہ عمارت میں ٹیوشن اکیڈمی بنا رکھی ہے جہاں پر چھٹی سے دہم کلاس کے طالبعلموں سے ٹیوشن کے نام پر ماہانہ چار سو تا آٹھ سو روپے وصول کیئے جاتے ہیں۔اسی طرح سکول میں طالبعلموں کی جسمانی سزاکی شکایت بھی درست پائی گئی۔تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن نے مذکورہ سکول کی انتظامیہ کو ٹیوشن پڑھنے والے تمام طالبعلموں کو پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کے نمائندے کے سامنے انکے واجبات واپس کرنے کا حکم دیا ہے ۔ اسی طرح سکول کے اگست کے واجبات پر 25فی صد جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن نے مذکورہ سکول انتظامیہ کوخبردار کیا ہے کہ معاہدہ شراکت کی مزید کسی خلاف ورزی کی صورت میں پارٹنرشپ منسوخ کر دی جائے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
امت مسلمہ کے مسائل کا حل عالمی اسلامی اتحاد میں ہے:سید منور حسن
لاہور(جی پی آئی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہا ہے کہ امت مسلمہ کے مسائل کا حل عالمی اسلامی اتحاد میں ہے ،جب تک اسلامی ممالک کے حکمران باہمی اتحاد کی بجائے غیروں کی غلامی کرتے رہیں گے۔ ہمارے مسائل کم ہونے کے بجائے بڑھتے رہیں گے ۔کشمیر اورفلسطین سمیت مقبوضہ مسلم علاقوں کی آزادی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ عالم اسلام کی نااتفاقی اور اسلام دشمن قوتوں پر بھروسہ ہے ،ملک میں موجود سیکولر ازم اورلبرل ازم کی دلدادہ ایلیٹ کلاس اور مقتدر طبقہ پاکستان میں اسلام کو پھلتا پھولتا نہیں دیکھنا چاہتا اس کے باوجود وہ مسلمانوں کے دل سے اسلام اور پیغمبر اسلام ۖ کی محبت کو کم نہیں کرسکا ۔اسلام دشمن قوتیں مسلمانوں کو جمہوری طریقے سے بھی آگے بڑھنے سے روک رہے ہیں ۔الجزائر اورفلسطین میں عوامی مینڈیٹ حاصل کرنے والی اسلام پسند جماعتوں کو اقتدار منتقل نہیں کرنے دیاگیا اور اب مصر میں پانچ بار انتخابات اور ریفرنڈم میں عوامی حمایت حاصل کرنے والے مصری صدر ڈاکٹر مرسی کی حکومت کا تختہ الٹ دیا گیا ہے ،مغرب کا یہ رویہ بین المذاہب ہم آہنگی اور عالمی امن کیلئے تباہ کن اور دنیا کو جنگ کی آگ میںجھونکنے کی سازش ہے ، امت کے اجتماعی مفاد کیلئے اسلامی ممالک کے حکمرانوں کو امریکہ و مغرب کی غلامی چھوڑ کر اتحاد عالم اسلامی کیلئے کوشش کرنا ہوگی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ مسجد منصورہ میں چالیس روزہ دورہ تفسیر کی اختتامی تقریب اور بعد ازاں اعوان ٹائون میں طیب صدیقی کی طرف سے دیئے گئے گرینڈ افطار ڈنر کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔افطار ڈنر سے ڈاکٹر فرید احمد پراچہ اور محمد انور گوندل نے بھی خطاب کیا جبکہ دورہ تفسیر کی اختتامی تقریب سے چوہدری محمد اسلم سلیمی ،شیخ القران و الحدیث مولانا عبدالمالک ،مولانا حافظ ساجد انو ر ودیگر علماء کرام نے خطاب کیا۔سید منور حسن نے کہا کہ حکمران عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا اور انتخابات میں دیئے گئے اپنے منشور کے مطابق حکومت کریں ،عوام بنیادی ضروریات کیلئے مارے مارے پھر رہے ہیں اور سہولیات زندگی کی عدم دستیابی سے سخت پریشان ہیں ،مہنگائی بے روز گاری اور لوڈ شیڈنگ نے ان کی زندگی اجیرن کردی ہے ۔انہوں نے کہاکہ امریکہ آئے روز ڈرون حملوںسے ہماری آزادی اور خود مختاری کو روندتا رہا ہے ،کرپشن کمیشن اورلوٹ مار اسی طرح جاری ہے ۔زرداری ٹولااتنی بدنامی پانچ سال میںنہیں سمیٹ سکا جتنی موجودہ حکومت نے ڈیڑھ ماہ میں سمیٹ لی ہے۔ جن لوگوں نے حکمرانوں کو جھولیا ںبھر بھر کر ووٹ دیے وہ ابھی انہیں جھولیاں اٹھا اٹھا کر بدعائیں دیتے نظر آتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی آزادی اور خودمختاری کو بار بار پامال کرنے والے بھارت اور امریکہ حکمرانوں کے پسندیدہ ممالک ہیں ۔بھارت سے دوستی اور پیارکی پینگیں بڑھانے کی باتیں عوام اور کشمیری مسلمانوں کے زخوں پر نمک پاشی کے مترادف ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکمران غریبوں پر ٹیکس لگا کر اپنے اللوں تللوں پر خرچ کررہے ہیں جبکہ غریب مہنگائی اور غربت میں پس رہے ہیں ۔ سید منور حسن نے کہا کہ رمضان اور قرآن کا اصل مقصد انسان کوزندگی کے ہر معاملے میں اپنے پروردگار کی رضا کے راستہ پر چلانا ہے ،رمضان تربیت اور اصلاح کا مہینہ ہے تاکہ انسان سال کے باقی گیارہ ماہ بھی رمضان میں حاصل کی گئی تربیت کے مطابق گزار کر اپنے مالک کی رحمتوں اور مغفرتوں کو حاصل کرسکے ۔اگر کسی مسلمان کے دل میں روزہ رکھنے کے باوجود کسی بھوکے اور پیاسے کی بھوک پیاس دور کرنے، کسی پریشان حال کی پریشانی کو بانٹنے اور کسی تنگ دست کی تنگ دستی دور کرنے کا جذبہ پیدا نہیں ہوتا تو وہ سمجھ لے کہ اس نے روزے کے حقیقی مقصد کو پورا نہیں کیا ،انہوں نے کہا کہ روزہ صرف بھوک پیاس برداشت کرنے کا نام نہیں بلکہ یہ اپنے خالق و مالک سے ایک عہد ہے کہ ہم تیرے حکم پر حرام تو کیا حلال بھی چھوڑ سکتے ہیں لیکن اس عہد کے بعد بھی اگر کوئی جھوٹ بولنا ،دھوکہ دینا ،غیبت اور چغل خوری جیسے ناپسندیدہ افعال کو نہیں چھوڑتا تو وہ خود کو دھوکہ دے رہا ہے اللہ کو ایسے روزہ دار کے روزے سے اور اس کا بھوکا پیاسا رہنے سے کوئی غرض نہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لیاقت بلوچ 28رمضان کو ڈیرہ غازیخان راجن پورکے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے
لاہور(جی پی آئی)جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ بجلی بحران شدید تر ہوگیاہے ۔ حکومت نے آئی ایم ایف سے ظالمانہ عوام کش معاہدہ کیا ، سرکلر ڈیٹ کی ادائیگی کے لیے ٹیکس اور بجلی ٹیر ف بڑھا دیئے لیکن بجلی بحران قابو میں نہیں آیا۔حکومت سرکلر ڈیٹ ادائیگی کی تفصیلات پارلیمنٹ میں پیش کرے ۔ نندی پور پاور پراجیکٹ کی تحقیقات کے لیے پارلیمانی کمیٹی قائم کی جائے جو حکومتی و اپوزیشن بنچوں کے پانچ پانچ ارکان پر مشتمل ہو جس کی رپورٹ بھی پبلک کی جائے۔حکومت نے مہنگائی ، بے روزگاری ، افراط زر ، یوٹیلٹی بلز میں اضافہ کا خاتمہ نہ کیا تو مستقبل قریب میںعوام مزید شدت اور غصہ سے سڑکوں پر آئیں گے ۔قرآن و سنت سے انحراف ہمارے مسائل اور خرابی کی اصل جڑ ہے ۔ 27رمضان المبارک (1947)کو آزادی ملی ۔ ملک کی ترقی ، استحکام ، آزادی اور خود مختاری کی حفاظت غلبہ دین کے ذریعے ممکن ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہو ں نے گزشتہ روز شاہ کمال میں عوامی افطار پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ ملک اندرونی و بیرونی خطرات میں گھرا ہواہے ۔ حکومت نے مشرف اور زرداری ٹولے کی غلطیوں سے سبق نہیں سیکھا بلکہ تیز رفتار غلطیاں کی جارہی ہیں ۔ بلٹ ٹرین نہ جانے کب چلے فی الحال حکمران بدامنی ،مہنگائی ، فساد کی بلٹ ٹرین چلانے میں مصروف ہیں ۔ اپوزیشن جماعتوں کو مستقبل میں جمہوریت کی بقا اور عوام کو مایوسیوں سے نکالنے کے لیے کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں سے متاثرہ خاندانوں سے ہمیں شدید ہمدردی ہے ۔ جماعت اسلامی اور الخدمت فائونڈیشن متاثرہ انسانوں کی مقدور بھر کوشش کررہے ہیں ۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں ریسکیو ، ریلیف اور بحالی کے لیے مشترکہ حکمت عملی بنائیں امدادی کاموں کو کرپشن اور بدانتظامی سے بچایا جائے ۔ انہو ں نے کہاکہ وزیراعظم نوازشریف کا اس موقع پر ملک سے باہر رہنا متاثرہ علاقوں کے عوام کے لیے منفی پیغام ہے ۔لیاقت بلوچ کی روجھان راجن پور میں سابق وزیراعظم میر بلغ شیر مزاری سے فون پر بات ہوئی انہو ں نے بتایا کہ دریائے سندھ میں کچے کا علاقہ بارشوں اور سیلاب سے بری متاثر ہوا ہے حکومتیں اور انتظامیہ خاموش ہیں ۔ امدادی کام کرپشن اور لوٹ مار کا شکار ہو جاتے ہیں اس کا تدارک ہوناچاہیے ۔ لیاقت بلوچ نے الخدمت فائونڈیشن پنجاب کے صدر رائومحمد ظفر سے بھی فون پر بات ہوئی انہوں نے بتایا کہ متاثرین کے لیے راشن کی فراہمی کی جارہی ہے اور تیار کھانا متاثرین میں تقسیم کیاجارہاہے ۔ لیاقت بلوچ 28 رمضان کو ضلع ڈیرہ غازیخان اور راجن پور کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے اور متاثرہ خاندانوں خصوصاً ڈیرہ بگٹی کے آئی ڈی پیز میں راشن تقسیم کیا جائے گا۔دریں اثنالیاقت بلوچ نے منصورہ میں کسان بورڈ پاکستان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ وہ گندم اور چینی کی فروخت کے لیے فوری پالیسی نافذ کرے ۔ پنجاب حکومت نے بالواسطہ ریٹ فروخت کا اعلان کر کے گندم مہنگی کر دی ہے جس سے ماہ رمضان میں آٹا مہنگا جبکہ خیبر پختونخوا میں آٹے کی قلت پیدا ہو گئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ گندم کے حکومتی ریٹ 1200 روپے فی من خریداری ہیں لیکن مارکیٹ میں 1400 روپے فی من تک گندم کی قیمت پہنچ گئی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منورحسن اور سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے ٹوبہ ٹیک سنگھ ٹرین دھماکے کی شدید مذمت کی
لاہور(جی پی آئی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منورحسن اور سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے ٹوبہ ٹیک سنگھ ٹرین دھماکے کی شدید مذمت کی ہے ۔انہوں نے جاں بحق ہونے والوں کیلئے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہارکیاہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت عید کے موقع پر عوام کو جان و ما ل کا تحفظ دینے کیلئے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
صوبہ پنجاب میں الخدمت فائونڈیشن کے تحت سال2012-13 میں مختلف پروجیکٹس اور ریلیف سرگرمیوں کی
لاہور(جی پی آئی)الخدمت فائونڈیشن پنجاب کے سنئیر پروگرام مینجر سید برہان حسین نے صوبہ پنجاب میں الخدمت فائونڈیشن کے تحت سال2012-13 میں مختلف پروجیکٹس اور ریلیف سرگرمیوں کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ الخدمت فائونڈیشن بلا رنگ و نسل مخلوق کی خدمت کر رہی ہے سال 2012 کے سیلاب ذدہ علاقوں ڈی جی خان ،راجن پور،رحیم یار خان میں 20 ہزار افراد کو ریسکیو کیا گیا راجن پور میں 550 افراد کی خیمہ بستی قائم کی گئی اسی طرح ڈی جی خان میں 100 گھروں کی تعمیر کا منصوبہ بھی آخری مراحل میں ہے۔الخدمت کے شعبہ صحت کے تحت 20 لاکھ افراد کو خدمات فراہم کی گئی اس وقت الخدمت فائونڈیشن کے تحت 24 ہسپتال ،91 مراکز صحت ،45 ڈائیگنا سٹک سینٹرز،205 میڈیکل کیمپ ،شعبہ تعلیم کے تحت 11 سکولز میں 4246 طلبہ وطالبات زیر تعلیم ہے 550 بچوںکو اعلیٰ تعلیم کے لیے وظائف،105 ایمبو لینسز کام کر رہی ہیں ۔4530 بچوں کو سکول بیگز کتابیں ،ایسٹشنری مہیا کی گئی،پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے 70 آبپاشی سکیم،1248 ہینڈ پمپس،29 واٹر فلٹریشن پلانٹس نصب کیے گئے ہیں 1063 ملین افراد کو شعبہ صاف پانی کے زریعے خدمات فراہم کی گئی ملک میں بے روزگاری کے خاتمے کے لیے 21 فنی تعلیم کے مراکز کا قیام 250 بلا سود چھوٹے قرضے رمضان المبارک میں 112540 افراد میں راشن تقسیم ،موسم سرما کے لیے 540 افراد کو کروڑوں روپے مالیت کی ایشیا کی تقسیم ،270 معذور افراد کو وہیل چیئرز فراہم کی گئی ،unicef کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں یتیم بچوں کی تعداد 42 لاکھ ہے جن میں 30 فی صد بچے ضروریات زندگی سے محروم ہیں الخدمت فائونڈیشن نے کفالت یتامیٰ پروگرام کے تحت پنجاب کے 12 اضلاع میں باقاعدہ ایکٹو کلسٹر دیگر 18 اضلاع میں نان ایکٹو کلسٹر کے تحت 1600 یتیم بچوں کی کفالت کا آغاز کر دیا ہے۔جبکہ لاہور،شیخوپورہ،گوجرانولا میں آغوش سینٹر کا قیام جاری ہے پنجاب کی 9 مختلف جیلوں میں واٹر فلٹریشن پلانٹ نصب کیے گئے ہیں جس سے 18000 قیدی مستفید ہو رہے ہیں 150000 روپے جرمانہ کی ادائیگی سے 6 قیدیوں کو رہائی دلوائی گئی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تکلیف دہ مسائل کے مارے مظلوم عوام مزید اذیت برداشت نہیں کرسکتے:محمد ثروت اعجاز قادری
لاہور(جی پی آئی)سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہاہے کہ تکلیف دہ مسائل کے مارے مظلوم عوام مزید اذیت برداشت نہیں کرسکتے،بارشوں سے ہونے والے نقصانات کا حکومت فوری نوٹس لے،مظلوم غریب عوام جو بارش سے متاثر ہوئے ہیں،حکومت عید سے قبل امداد دیکر انہیں عید کی خوشیوں میں شامل کرے،بارش نے حکمرانوں کے دعوؤں کی قلعی کھول دی ، باران رحمت ناقص انتظامات کی وجہ سے زحمت بن گئی،ایک طرف عوام مہنگائی،بے روزگاری،بجلی و گیس کی اذیت کا شکار ہیں تو دوسری طرف بارشوں سے جمع ہونے والا پانی تکلیف کا باعث بن رہاہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے بارشوں سے ہونے والی تباہی اور انتظامیہ کی ناقص کارکردگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہاکہ بلدیاتی نظام کو فوری بحال کیا جائے تاکہ عوام صفائی اور اپنے علاقے کے مسائل کو حل کراسکیں،انہوں نے کہا کہ ایڈمنسٹریٹر برطرف کرنے میں عوام کو کوئی فائدہ نہیں،حکومت بتائے کہ بارشوں سے جمع ہونے والے پانی اور سیلابی ریلوں کو روکنے کیلئے اقدامات کیوں نہیں کئے گئے،ثروت اعجازقادری نے کراچی سمیت سندھ بھر کے اہلسنت خدمت فاؤنڈیشن کے رضاکاروں کو ہدایت کی کہ وہ بارشوں اور سیلابی ریلے سے متاثرین کی امداد کیلئے ہرممکن کوشش کریں،انہوں نے کہا کہ بلدیہ کراچی کے دعوے بارش میں بہہ گئے،انتظامیہ کی ناقص کارکردگی نے دعوؤںکی قلعی کھول دی ہے سڑکوں،گلیوں،محلّوں میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہے،کچرا کنڈی سے تعفن پھیل رہاہے جس سے وبائی امراض پھیلنے کا اندیشہ ہے،حکومت سندھ اور ضلعی انتظامیہ صفائی کے کاموں کے ساتھ مظلوم غریب عوام کے نقصانات کا نوٹس لیکر فوری طور پر امداد فراہم کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مولانا فضل الرحمن ملک میں دہشت گردی،افراتفری ، ڈرون حملوں اور امریکی مداخلت کے ذمہ دار ہیں:سعدیہ سہیل رانا
لاہور(جی پی آئی) پاکستان تحریک انصاف کی جنرل سیکرٹری شعبہ خواتین و رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانانے مولانا فضل الرحمن کی جانب سے عمران خان کے خلاف الزامات کی شدید الفاظ میں مذمت اور ان کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمن ملک میں دہشت گردی،افراتفری ، ڈرون حملوں اور امریکی مداخلت کے ذمہ دار ہیں۔ مولانا فضل الرحمن کے عمران خان اور خیبر پی کے حکومت پر الزامات کے ردعمل میں جاری کردہ ایک بیان میں سعدیہ سہیل رانا نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن سابق صدر جنرل پرویز مشرف کے ساتھ ڈیل کرکے خیبر پی کے کی صوبائی حکومت کا حصہ رہے اور ان ہی کے دور حکومت میں خیبر پی کے دہشت گردی کا شکار ہوا۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن ہر دور میں حکومتوں کا حصہ رہے ہیں اور ان ہی کے دور حکومت میں ملک دہشت گردی کے خلاف امریکی جنگ میں دھکیلا گیا جس کے باعث ملک میں خود کش دھماکے ڈرون حملوں کے ساتھ ساتھ امریکی مداخلت بڑھی جس سے آج پوری قوم دہشت گردی اور افراتفری کا شکار ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیر اعلی شہباز شریف جیسے لیڈر قوم کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔ حنا پرویز بٹ
لاہور( جی پی آئی)پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ممبر صوبائی اسمبلی حنا پرویز بٹ نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف جیسے لیڈر قوم کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔ ضمنی الیکشن میںمسلم لیگ (ن) کے امیدوار ہی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔مسلم لیگ(ن) کی حکومت کی اولین ترجیح عوامی مسائل کا خاتمہ ہے ۔اپنے ایک بیان میں لیگی ایم پی اے نے کہا کہ توانائی بحران کے حل کے لئے محمد شہباز شریف جس عزم کے ساتھ اپنے شب و روز ایک کئے ہوئے ہیں وہ بلاشبہ ان کے لازوال جذبے اور جہد مسلسل کا ناصرف عکاس ہے بلکہ عوامی مسائل کے حل کے لئے ان کی کاوشوں کی دلیل بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ محمد شہباز شریف ایک مثالی رہنماء ہیںجنہوں نے صوبہ پنجاب میں ترقی ،خوشحالی اور فلاح وبہبود کا نیا سفر شروع کیاہے۔انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم محمدنواز شریف اوروزیراعلی محمد شہباز شریف جس عزم اور جذبے کے ساتھ توانائی بحران کے حل کے کوشاں ہیں ،بہت جلد پاکستان اس بحران پر قابو پانے میں کامیاب ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت اپنی کارکردگی اور عملی اقدامات کے ذریعے عوامی توقعات پر پورا اتریں گی اور حکومت کی اولین ترجیح عوامی مسائل کا خاتمہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور عوام کی خدمت ہے ۔مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک میں موجود بحرانوں پر اپنی بہتر حکمت عملی کے ذریعے قابو پالے گی اور ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہوں پر گامزن کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن میںمسلم لیگ (ن) کے امیدوار ہی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حکومت فوج اور غیر سرکاری ادارے قیمتی جانوں کو بچانے کے لئے اپنا کردار اداکریں:جماعت اسلامی پنجاب
لاہور(جی پی آئی)ممبر صوبائی اسمبلی و پارلیمانی لیڈر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث ملک بھر میں ندی نالے بپھر گئے ہیں۔ کراچی سے خیبر اور مشرقی سرحدوں سے بلوچستان تک قیامت صغریٰ برپا ہے۔اب تک 60افراد ہلاک سینکڑوں زخمی اور اربوں روپے کی املاک کو شدید نقصان پہنچ چکا ہے۔ حکمرانوں کے سیلاب کو کنٹرول کرنے کے تمام دعوے ریت کی دیوار کے سواکچھ نہیں ۔گزشتہ روز کراچی کے چار سو فیڈر ٹرپ کرجانے سے سیلابی پانی میں تیرتا آدھا شہر اندھیروں میں ڈوب گیا۔کالاباغ ڈیم سمیت دوسرے چھوٹے ڈیم بھی بروقت تعمیر کرلیے جاتے تو ہر سال آنے والے سیلاب سے بچا جاسکتا تھا مگر افسوس ہمیشہ حکمرانوں نے روایتی بے حسی کا مظاہرہ کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ ریلوے ٹریک اور سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں ہیں جس کے باعث امداد پہنچانے میں دشواری کا سامناہے۔حکومت،فوج اور غیر سرکاری ادارے قیمتی جانوں کو بچانے کے لئے اپنا کردار اداکریں۔ تباہی بہت بڑے پیمانے پرہوئی۔لاکھوں ایکڑپر کاشت فصلیں تباہ ہوگئی ہیں۔حکومت پاکستان ان علاقوں کو آفت زدہ قراردے کر کسانوں کو گندم کی آنے والی فصل کی کاشت کے لئے مفت بیج اور کھاد فراہم کرے۔انہوں نے کہاکہ لاہور شہر میں بھی بارشو ں کے باعث سیوریج کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے۔حالیہ بارشوں اور سیلاب نے ملکی معیشت کو کھربوں کا نقصان پہنچایا ہے۔ اگر اس سے آدھی رقم بھی نالوں کو صاف اور کناروں کو مضبوط بنانے پر لگادی جاتی تو آج یہ دن نہ دیکھنا پڑتے۔ٹھوس منصوبہ بندی اورڈیموں کی تعمیر سے نہ صرف ہم سیلاب کی تباہ کاریوں سے محفوظ ہوجائیں گے بلکہ پانی کو ذخیرہ کرکے آبپاشی کے طور پر استعمال کرنے سے ڈوبتی معیشت کو بھی سہارا دے سکتے ہیں۔ ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مزیدکہا کہ حکومت کے لئے سب سے بڑا چیلنج اجڑے لوگوں کی دوبارہ آباد کاری ،ٹوٹ جانے والی سڑکوں،پلوں کی تعمیر اور ریلوے ٹریک کو درست کرنا ہوگا۔سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بیماریاں پھوٹنے کا خدشہ ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ صورتحال سے نمٹنے کے لئے ابھی سے حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے۔