کراچی : نالے میں گرنے والی کار سے دو لاشیں برآمد

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں دو روز قبل ہونے والی بارش کے دوران نالے میں گرنے والی بدقسمت کار سے خاتون اور اس کے ڈیڑھ سالہ بچے کی لاش نکال لی گئیں جن کو نماز جنازہ کے بعد سپرد خاک کر دیا گیا خاندان کے سربراہ کی تلاش جاری ہے۔ حیدر آباد کا رہائشی مظفر اپنی اہلیہ یاسمین اور ڈیڑھ سالہ بیٹے عبیر کے ہمراہ عید کی خوشیاں خریدنے کراچی گیا۔

لیکن اجل نے گھر واپسی کے بجائے تینوں کو ابدی دنیا میں پہنچا دیا۔ شہر قائد کے بفر زون پر رشتہ داروں کے ہاں مقیم مظفر شاپنگ کیلئے نکلا تو طوفانی بارش نے گھیر لیا۔ واپسی پر اسے دریا کا منظر پیش کرتی سڑک دکھائی دی، نہ ہی اس کے ساتھ ساتھ بہتا نالہ اور گاڑی کیفے پیالہ کے قریب اپنے سواروں سمیت نالے میں جا گری۔

آن کی آن میں سب کچھ ختم ہو گیا۔ لواحقین دو روز تک اپیلیں کرتے رہے لیکن انتظامیہ کے کان پر جوں رینگی اور نہ ہی متعلقہ حکام کو ہوش آیا۔ ذرائع نے خبر نشر کی تو سرکاری مشینری حرکت میں آگئی۔ نیوی کے غوطہ خور طلب کئے گئے جنہوں نے چار گھنٹے کی جدوجہد کے بعد ننھے عبیر اور اس کی ماں یاسمین کی لاشیں نکال لیں۔

لیکن مظفر تاحال لاپتہ ہے۔ عیبر کی پرامپ باہر نکالی گئی تو موقع پر موجود ہر آنکھ اشکبار ہو گئی۔ المناک حادثے پر تعزیتی بیانات تو جاری ہیں لیکن خدا کی رحمت بارش کو زحمت بنانے والوں کا تعین کون کرے گا۔ اس سوال کا جواب شاید کسی کے پاس نہیں۔