رمضان اور مون سون بارشوں کے باعث سیمنٹ کی فروخت میں کمی

Cement

Cement

کراچی (جیوڈیسک) رمضان اور مون سون بارشوں کے باعث جولائی کے دوران ملک میں سیمنٹ کی فروخت میں 7.84 فیصد کمی دیکھی گئی۔ سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے مطابق گزشتہ ماہ ملک میں 25 لاکھ 95 ہزار ٹن سیمنٹ فروخت ہوئی جو گزشتہ سال اسی عرصے سے 7.84 فی صد کم ہے۔

ایسوسی ایشن کے مطابق فروخت میں کمی کی وجہ رمضان اور مون سون سیزن کے دوران تعمیراتی سرگرمیوں میں کمی ہے۔ اس کے علاوہ وفاقی بجٹ میں ٹیکسوں میں اضافے کے باعث بھی سیمنٹ کی کھپت کم رہی۔ جولائی میں پاکستان سے 7 لاکھ 49 ہزار ٹن سیمنٹ برآمد ہوا جو گزشتہ سال اس عرصے سے 6 ہزار ٹن کم ہے۔