پیپلزپارٹی کا ضمنی انتخابات فوج کی نگرانی میں کرانے کا مطالبہ

Lahore

Lahore

لاہور (جیوڈیسک) پیپلزپارٹی نے لاہور میں قومی اورصوبائی اسمبلی کے چار حلقوں میں ضمنی انتخابات فوج کی نگرانی میں کرانے کا مطالبہ کر دیا، الیکشن کمیشن سے وزیر اعظم محمد نواز شریف، وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف اور وزرا سمیت لیگی ارکان اسمبلی کے الیکشن مہم چلانے پر پابندی عائد کرنے کی بھی درخواست کر دی ہے۔

لاہور پریس کلب میں پیپلزپارٹی لاہور کے عہدیداروں اور انتخابی امیدواروں نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ انتخابات صاف شفاف کرانے کی بات تو کی جاتی ہے مگر الیکشن کرانے کے لئے عملے کا انتخاب شفاف نہیں ہوتا۔ ڈی سی او لاہور کے ماتحت اداروں کا عملہ بطو ر الیکشن کمیشن کے عملے کے پیپلزپارٹی کوقبول نہیں ہے۔

پیپلزپارٹی لاہور کے قائمقام صدرزاہد ذوالفقار اور جنرل سیکرٹری رانا اشعر نثارنے مطالبہ کیا کہ بائیس اگست کے ضمنی انتخابات پاک فوج کی نگرانی میں کرائے جائیں۔ سی سی پی او لاہور چوہدری محمد شفیق جن کا بھائی ضمنی انتخاب لڑ رہا ہے اسے انتخاب تک او ایس ڈی بنایا جائے۔