کراچی (جیوڈیسک) سابق وزیراعظم پاکستان یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کو اغوا کرنے کی ذمہ داری کالعدم تنظیم نے قبول کرلی۔ علی حیدر گیلانی کو ملتان سے9 مئی 2013 کو انتخابی جلسے کے دوران اغوا کرلیا گیا تھا،علی حیدر گیلانی پہلی بار سیاست میں حصہ لے رہے تھے، انہیں پیپلزپارٹی نے ملتان میں صوبائی حلقہ پی پی 200 سے اپنا امیدوار نامزد کیا تھا،علی حیدرگیلانی کو نامعلوم مسلح افراد نے اس وقت اغوا کرلیاجب وہ ملتان کے علاقے فرخ ٹاون میں حسنین بزدار نامی مقامی شخص کے گھر انتخابی مہم سے خطاب کے بعد باہر نکلے۔
ملزمان کالے رنگ کی گاڑی میں سوار تھے جنہوں نے فائرنگ کر کے علی حیدر گیلانی کے گن مین اور پرسنل سیکریٹری کوقتل کیا اور پھر علی حیدر گیلانی کو لے کر فرار ہوگئے، واقعے کے تقریبا تین ماہ بعد کالعدم تظیم کے ترجمان کا دعوی منظر عام پر آیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ علی حیدر گیلانی کالعدم تنظیم کے پاس خیریت سے ہیں، کالعدم تنظیم کے ترجمان کایہ بھی دعوی ہے کہ وہ عید کے بعد مغوی علی حیدر گیلانی کی ویڈیو جاری کریں گے۔