کراچی : ملیر ندی میں 5 بچے ڈوب گئے، 4 جاں بحق

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کے علاقے میمن گوٹھ میں پانچ بچے کھیلتے ہوئے ندی میں ڈوب گئے۔ غوطہ خوروں نے ایک بچے کو بچالیا، چار جانبر نہ ہوسکے پولیس کے مطابق میمن گوٹھ میں واقع یار محمد بلوچ گوٹھ میں پانچ بچے کھیلتے ہوئے کاٹھور سے ملیر آنے والی ندی میں جاگرے۔

مقامی لوگوں نے بچوں کو ڈوبتے دیکھا تو بچوں کو بچانے کی کوشش لیکن پانی کا بہاو تیز ہونے کے باعث وہ پوری طرح کامیاب نہیں ہوسکے۔ غوطہ خوروں نے علی نامی ایک بچے کو تو بچالیا مگر دیگر چار بچے لاپتہ ہوگئے۔

بعدازاں کئی گھنٹوں کی تلاش کے بعد لاپتہ چاروں بچوں کی لاشوں کو ندی سے نکال لیا گیا۔ جاں بحق ہونے والے بچوں میں دو بھائی منظور اور حسنین اور دو بہنیں ماہ نور اور ماریہ شامل ہیں۔ چاروں بچوں کی عمریں آٹھ سے نو سال بتائی جاتی ہے۔ پولیس نے بچوں کی لاشوں کو قانونی ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردیں۔