ہماری درد مند قیادت کی سیاست کامحورملک اورعوام ہیں گلریزبیگ میاں نواز شریف جمہوری قوتوں کومتحد اورقومی پرمتفق دیکھناچاہتے ہیں ،بیان
Posted on August 7, 2013 By Geo Urdu لاہور
لاہور (پی پی سی) پاکستان مسلم لیگ (ن لاہور کے سابق سیکرٹری اطلاعات مرزا گلریز بیگ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم میاں نواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف اقتدار کے پیچھے نہیں بھاگتے بلکہ اقتداران کا تعاقب کرتا ہے۔ دونوں کی شخصیت اور سیاست کا محور عوام کی خدمت اوران کا معیار زندگی بلند کرنا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے قائدین اقتدارمیں ہوں یا اپوزیشن میں وہ دونوں صورتوں میں۔
عوام کی فلاح وبہبود کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتے ہیں۔ وزیر اعظم منتخب ہونے کے بعد میاں نواز شریف کی ابتدائی سنجیدہ اور دور رس اصلاحات پرپی ٹی آئی کے بعض غیر سنجیدہ عناصر کی تنقید شرمناک اور قابل مذمت ہے۔ وہ صدر کینٹ میں نوجوانوں کے اعزاز میں افطار پارٹی سے خطاب کررہے تھے۔ مرزا گلریزبیگ نے مزید کہا کہ وزیر اعظم میاں نواز شریف مادر وطن کی سبھی جمہوری قوتوں کو متحد اور اپنے قومی ایجنڈے پر متفق دیکھنا چاہتے ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی ترجیحات سے اختلاف کی گنجائش موجود ہے مگران کی نیک نیتی اور کمٹمنٹ پرشبہ نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کی طرف سے پچھلے دنوں کراچی اور گوادر سے چین تک ریلوے ٹریک بچھانے اور سڑک بنانے کا تاریخی اعلان ایک نیا دور شروع ہونے کی طرف مثبت اشارہ ہے۔
اس وقت سیاسی قیادت کوبڑے صبر و تحمل اور بڑی بردباری کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نازک وقت میں پاکستان الجھائو اور تصادم کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ ایٹمی پاکستان کے غیور وزیر اعظم اور لیڈر میاں نواز شریف کشکول اٹھانے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ پاکستان اورچین کے درمیان دوستی سودوزیاں سے بے نیاز اور قابل قدر ہے۔