دریائے سندھ : تونسہ کے مقام پر پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ

River Sindh

River Sindh

تونسہ (جیوڈیسک) تونسہ دریائے سندھ میں تونسہ کے مقام پر پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ پانی آبادی میں داخل ہونے سے لوگ نقل مکانی کرنیپر مجبور ہو گئے۔ بلوچستان کے علاقے نصیر آباد کے مزید 45 دیہات زیر آب آگئے ہیں فلڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق دریائے سندھ میں ڈیرہ غازی خان کی تحصیل تونسہ کے مقام پر پانی کا بہاو 4 لاکھ کیوسک تک پہنچ گیا ہے۔

جس کے بعد پانی کوٹلہ میرانی میں داخل ہو گیا اور لوگ نقل مکانی پر مجبورہوگئے۔ سیلاب سے زیر کاشت فصلوں کو بھی نقصان پہنچا۔ راجن پور کے سیلاب سے متاثرہ بیشترعلاقوں میں پانی کی سطح کم ہو رہی ہے، لعل گڑھ کا زمینی رابطہ اب بھی منقطع ہے۔ نالہ ڈیک میں چہور کے مقام پر پانی کی سطح کم ہورہی ہے۔

سیلاب سے 50 سے زائد دیہات زیر آب آگئے۔ کئی رابطہ سڑکیں بھی پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں۔ پسرورکے کئی علاقوں میں کھڑے پانی کی وجہ سے وبائی امراض پھیلناشروع ہوگئے ہیں اور 27 بچے پیٹ کی بیماریوں میں مبتلا ہو گئے ہیں۔ انتظامیہ کے قائم کیے گئے ریلیف کیمپ میں عملہ نہیں ہے۔

لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ بلوچستان میں نصیر آباد میں 45 دیہات زیر آب آگئے جس کی وجہ سے سیکڑوں افراد قومی شاہراہ پر پناہ لیے ہوئے ہیں۔ انتظامیہ نے بھاری مشینری کی مدد سے پانی روکنے کے لیے بند کی تعمیر شروع کر دی ہے۔