بلوچستان کیدارالحکومت کوئٹہ میں مون سون بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ ہائی ٹرانسمیشن لائن ٹریپ ہونے سے بلوچستان کے متعدد علاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔
بلوچستان میں ہفتے سے شروع ہونے والا مون سون بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ رات گئے شروع ہونے والی موسلادھار بارش سے کوئٹہ شہر ایک بار پھرجل تھل ہوگیا۔ نشیبی علاقوں سمیت کئی علاقے پانی میں ڈوب گئے۔ بارش کے باعث ٹریفک جام ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
این ڈی ایم اے کے مطابق طوفانی بارش اور سیلاب سے ضلع جھل مگسی، نصیرآباد اور جعفرآباد سب سے زیادہ متاثرہوئے۔ درجنوں دیہات زیرآب ہیں۔ جھل مگسی کا کوئٹہ، اور جیکب آباد سے زمینی رابطہ منقطع ہے۔ کوسٹل ہائی وے مکمل بند ہے۔ گوادر تربت اور تربت کراچی کا زمینی رابطہ تاحال بحال نہیں ہوسکا۔
دوسری جانب گڈو سے سبی جانے والی ہائی ٹرانسمیشن کی پانچ سو کے وی اور دو سو کے وی کی لائن ٹریپ کرنے سے بلوچستان کے متعدد علاقوں کو بجلی کی فراہمی بند ہو کر رہ گئی ہے۔ گڈو واپڈا ذرائع کے مطابق فنی خرابی کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہے۔ جو جلد بحال کردی جائیگی۔