ٹنڈو آدم میں خدا آباد ریلوے اسٹیشن ٹریک پر دہشت گردوں نے کریکر بم کے ذریعے دھماکا کیا۔ دھماکے سے ریلوے ٹریک کو نقصان پہنچا۔ جس کے بعد ٹریک عارضی طور پر بند کردیا گیا۔
دہشت گردوں نے ریلوے لائنز اور ٹرینوں کو شاید آسان ہدف سمجھ لیا ہے۔ شالیمار ایکسپریس میں بم دھماکے کے بعد دہشت گردوں نے ایک بار پھر سندھ کے شہر ٹنڈو آدم کے خدا آباد ریلوے ٹریک پر کریکر دھماکا کردیا۔ جس سے ریلوے ٹریک کو نقصان پہنچا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے سے کچھ دیر قبل ہی شالیمار ایکسپریس وہاں سے گزری تھی۔ پولیس نے ریلوے ٹریک کو عارضی طورپر بند کردیا ہے۔ دھماکے کی جگہ سے الیکٹرک تار بھی ملے ہیں ۔ ریلوے حکام نے لاہور جانے والی تیز گام ایکسپریس کو حیدرآباد اور قراقرم ایکسپریس کو اڈیرو لال ریلوے اسٹیشن پر روک دیا ہے۔
سیالکوٹ جانے والی علامہ ایکسپریس اور راولپنڈی جانے والی پاکستان ایکسپریس کو بھی حیدرآباد اسٹیشن پر روک دیا گیا۔ دھماکے بعد ریلوے ٹریک کی حفاظتی انتظامات کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دیدی گئی ہے۔