پاکستان میں اہل تشیع کے تحفظ کیلئے لائحہ عمل تیار کیا جا رہا ہے : علامہ مظہر عباس علوی

گجرات : پاکستان میں اہل تشیع کے تحفظ کیلئے لائحہ عمل تیار کیا جا رہا ہے اور نوجوانوں کے ساتھ ملکر فارمولا سامنے لایا جائیگا، ان خیالات کا اظہار صوبائی صدر شیعہ علماء کونسل علامہ مظہر عباس علوی نے امام بارگاہ حسینیہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ جعفریہ یوتھ کے نوجوان اپنی ذمہ داریاں احسن طریقہ سے سرانجام دینگے ، ڈی ای خان نے میں ہونے والا واقعہ افسوس ناک ہے کہ جیل سے دہشت گردوں کو چھڑا کر لے گئے ہیں اور جیل کے درواز ے کے سامنے اہل تشیع راہنمائوں کو قتل کیا گیا، کراچی میں بھی ٹارگٹ کلنگ میں اہل تشیع کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔

رحیم یار خاں میں ضلعی صدر شیعہ علماء کونسل چوہدری منظور حسین کو مسلح افراد نے قتل کر دیا اب دو دن بعد دوبارہ 2 سو کے قریب دہشت گردوں نے امام بارگاہ رحیم یار خاں پر حملہ کر کے نقصان پہنچایا، ہم قائد ملت جعفریہ علامہ ساجد نقوی کی سربراہی میں دہشت گردوں سے نپٹنے کیلئے کوشاں ہیں۔